کراچی میں ایک ماہ کے دوران جرائم میں 50فیصد سے زائد کمی آئی وزیراطلاعات

سکھر حیدر آباد موٹر وے ، کے فور اور پانی سمیت انفرا اسٹرکچر کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، ایف پی سی سی آئی میں خطاب

(فوٹو: فائل)

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک ماہ کے دوران جرائم میں 50فیصد سے زائد کمی آئی ہے۔


ایف پی سی سی آئی میں خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ بات درست ہے صوبہ سندھ کو طویل عرصے سے ہدف بنایا جاتا رہا ہے۔ سیاسی طور پر بھی سندھ کو ہدف بنایا گیا اور یہ کسی نے نہیں سوچا کہ اس کا ملک پر کیا اثر ہوگا ۔



انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے تو ہم ہی جواب دہ ہیں ۔ سندھ میں ہی سب سے زیادہ صنعتکاری ہوئی تھی مگر حالات ایسے پیدا کردیے گئے کہ کچھ صنعتکار دوسرے صوبے یا بیرون ممالک منتقل ہوگئے تھے ۔ سندھ حکومت کا دھابیجی اکنامک زون ایک مثالی زون ثابت ہوگا۔ اسے سی پیک میں شامل کیا جا رہا ہے۔


شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آج سے 15 سال قبل امن وامان کے مسائل شدید تھے۔ لوگ ایک شہر سے دوسرے شہر کانوائے کی صورت جاتے تھے۔ اب کچھ عرصہ قبل دوبارہ شہر میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے مگر گزشتہ ایک ماہ میں جرائم کی شرح میں 50فیصد سے زائد کمی آئی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سکھر حیدرآباد موٹر وے پر توجہ دی ہے، ہماری ترجیح ہے کہ سب سے پہلے حیدرآباد سکھر موٹروے کو بنایا جائے۔ کراچی پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔ کے فور کا منصوبہ سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔ بجٹ میں اس کا حصہ مختص کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی ترجیح ہے کہ پانی اور انفراا سٹرکچر کے مسائل کو حل کیا جائے۔ آج پورے پاکستان سے ہزاروں لوگ روزگار کے لیے کراچی آرہے ہیں ، کیونکہ آج بھی یہاں مواقع موجود ہیں ۔

Load Next Story