سری لنکا میں قید 43 پاکستانی قیدیوں کی فوری واپسی پراتفاق

وزارت داخلہ ایک ماہ سے قیدیوں کی واپسی کے لیے سری لنکن حکام کے ساتھ کام کررہی تھی، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک May 24, 2024
قیدیوں کی واپسی کے انتظامات کو چند روز میں حتمی شکل دی جائے گی، محسن نقوی:فوٹو:فائل

سری لنکا میں قید 43 پاکستانی قیدیوں کی فوری وطن واپسی پر اتفاق ہوگیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سری لنکا میں قید 43 پاکستانی شہریوں کی فوری وطن واپسی پر اتفاق کیا گیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی ملک واپسی کیلئے انتظامات کو چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔ وزارت داخلہ ان قیدیوں کو واپس لانے کیلئے گزشتہ ایک ماہ سے سری لنکن حکام کے ساتھ کام کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات گزشتہ 7 دہائیوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔ پاکستان باہمی تعلقات کو مختلف شعبو ں میں مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیکیورٹی اور انسداد منشیات کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں