ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے ایکسپریس میڈیا گروپ کے صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

ایک پاکستان قائداعظم نےہمیں دیا اوراس رمضان ایک پاکستان ہمیں فوج دینےجارہی ہے اورہم ان کیساتھ کھڑے ہیں،عامرلیاقت حسین


ویب ڈیسک June 20, 2014
ڈاکٹرعامر لیاقت حسین روزنامہ ایکسپریس کے گروپ ایڈیٹر مذہبی امور کے فرائض بھی انجام دیں گے، فوٹو:فائل

عالمی شہرت یافتہ براڈکاسٹرڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ایکسپریس میڈیا گروپ کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں وہ روزنامہ ایکسپریس کے گروپ ایڈیٹر مذہبی امور کے فرائض بھی انجام دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے نئے صدر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین عالمی شہرت یافتہ براڈ کاسٹر ہیں انہوں نے مختلف چینلز پر گھنٹوں طویل اور ریکارڈ ساز رمضان نشریات پیش کیں جبکہ انہوں نے مقبول پروگرام انعام گھر بھی پیش جو عوام میں بے انتہا مقبول ہوا۔

ایکسپریس نیوز پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ انسانی زندگی تبدیلی اور تغیر کا نام ہے،جمے اور تھمے کو زندگی نہیں کہتے بلکہ تماشہ کہتے ہیں جبکہ حرکت بدلاؤ، تبدیلیاں اور ارتقا مسلسل سفر کبھی پڑاؤ کی جانب راغب کرتے ہیں تو کبھی کچھ عرصے کے لیے قیام کوفوقیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں لوگ ان معاملات پر بھی جذباتی ہوجاتے ہیں جہاں جذبات نہیں بلکہ جذبے کی بنیاد پر فیصلے کیے جانے چاہئیں اور لوگ ان باتوں پر اپنے بدگمان خیالات کی غلامی تک قبول کرلیتے ہیں جہاں پر کسی گمان کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ ایک مان کی ضرورت ہوتی ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ چینل بدل لینا برا وقت آنے پر چھوڑ دینا اور اپنی الگ راہ لے کر چلے جانے جیسے ایسے کئی سوالات پریشان اذہان کو خودبخود جوابات بھی دے دیتے ہیں اور لوکل میڈیا پر دانشورانہ تبصروں کے انبار لگ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پیسے سے خریدا نہیں جاسکتا ہم فقیر لوگ ہیں جبکہ چینل لوگوں سے رابطے اور واسطے کا ذریعہ ہے ،عوام سے کچھ کہنے کا مناسب راستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں نشریات کرنے کے نہ کبھی پیسے لیے اور نہ لوں گا،رمضان میں نشریات کے لئے اپنی قیمت لگانے کو ایسا سمجھتا ہوں جیسے جییتے جی اپنی قبر کے لئے آگ خریدنے جارہا ہوں،مجھے اس ملک کی محبت اللہ اور اس کے رسولﷺ کی محبت نے بہت کچھ دیا اور میری چاہت صرف اللہ کی رضا ہے۔

صدر ایکسپریس میڈیا کا کہنا تھا کہ برا وقت کوئی نہیں ہوتا اور ہمارے اعمال کے سبب جو وقت گزرتا نہیں ہم اسے برا وقت کہہ دیتے ہیں جبکہ ہم کسی آسمانی آفت کا شکار نہیں ہوئے بلکہ جو کچھ ہوا ہم اس کے خود ذمہ دار ہیں اور اسے خود ہی بھگت رہے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ دن بھی بہت جلددور ہوجائیں گے کیونکہ سب اپنی اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے اور یہ وقت سیکھنے کا ہی ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھاکہ میں رمضان کی پرنور راتوں میں اپنے لوگوں سےدور نہیں رہ سکتا اور نہ رہنا چاہتا ہوں، پاکستان کو اس وقت ہماری ضرورت ہے،وطن ہمیں آواز دے رہا ہے،ہم نے اپنے گھر کی صفائی سے آنکھیں پھیر لی تھیں اور آج پالے ہوئے ہماری جان کےلالے بن چکے ہیں اب صفائی کا وقت آگیا ہے،کیڑےمکوڑوں سے گھر کو پاک کرنا ہے اور پاک فوج کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہماری جانب دیکھ رہی ہے ان کی امید بھری نگاہیں ہم سے قربانی نہیں ایک ساتھ کا تقاضہ کررہی ہےجبکہ پاکستان رمضان پاک فوج کے لئے ہے اورمیں اپنی افواج کی اس آس پر اوس نہیں پڑنے دوں گا، یہ کوئی اصول نہیں کہ ہمارے فوجی دہشت گردوں سے لڑتے لڑتے شہید ہوتے رہیں اورہم آرام سے اپنے گھروں میں رہیں ،میں عظیم فوجیوں کو پیغام دیتا ہوں کہ آپ کے ساتھ قربان ہونے کو بے چین ہیں۔

صدر ایکسپریس میڈیا گروپ نے کہا کہ اس رمضان کے ذریعے ہم ان تمام دانشوروں کو مستردکرنے جارہے ہیں جنہوں نے اپنے کالم اور تبصروں کے ذریعے ہماری افواج اور اس قوم کے مورال کو گرایا،اگر سرحدوں پر ہمارے فوجی جوان شہید ہوں گے تو ہم شہروں میں اپنی جان قربان کرنے کو تیا رہیں مگران کیڑوں سے ضرورت نجات حاصل کریں گےجو ہمیں ڈنک مار کر موت کے دہانے پر لے جارہے ہیں۔

عامر لیاقت حسین نے کہا کہ قوم آپریشن میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے،14 اگست کو ایک پاکستان ہمیں قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں دیا اور اس رمضان ایک پاکستان ہمیں فوج دینے جارہی ہے اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان ٹرانسمیشن میں پاک فوج کے جوانوں کے لئے روز دعائیں کی جائیں گی کیونکہ یہ رمضان پاکستان کا ہی رمضان ہوگا اور عامر لیاقت کسی ایک خطے اور صوبےکا نام نہیں پاکستان کا نام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں