بینکوں نے 11 ماہ میں زرعی قرضوں کے اجرا کا 88 فیصد حاصل کرلیا

زرعی شعبے کوجولائی تامئی334.7 ارب روپے فراہم،واجب الاداقرضوں میں 30 ارب کااضافہ


Business Reporter June 21, 2014
5بڑے بینک169ارب،زیڈٹی بی ایل64.7ارب،مائیکرو فنانسرزنے19.6 ارب جاری کیے۔ فوٹو: فائل

بینکوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 11ماہ یعنی جولائی سے مئی 2014 کے دوران 334.7 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کیے گئے جو سالانہ ہدف 380 ارب روپے کا 88 فیصد اور گزشتہ برس کی اسی مدت میں تقسیم کیے گئے 294.5 ارب روپے کے قرضوں سے 13.6 فیصد زیادہ ہیں۔

زرعی قرضے کا واجب الادا پورٹ فولیو 30.3 ارب روپے (12.3 فیصد) بڑھ گیا یعنی گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں آخر مئی 2014 میں 246.7 ارب روپے سے بڑھ کر277 ارب روپے ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعلامیے کے مطابق 5 بڑے بینکوں نے بحیثیت گروپ 169.4 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کیے جو ان کے سالانہ ہدف کا 90.1 فیصد اور گزشتہ برس کی اسی مدت میں تقسیم کیے گئے 157 ارب روپے سے 7.9 فیصد زائد ہیں، بڑے بینکوں میں حبیب بینک، ایم سی بی، یونائٹیڈ بینک، نیشنل بینک اور الائیڈ بینک نے اپنے اپنے سالانہ اہداف کا بالترتیب 92.5 فیصد، 92.4 فیصد، 91.9 فیصد، 91.7 فیصد اور 78.9 فیصد حاصل کیا۔

زرعی ترقیاتی بینک نے 64.7 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کیے جو اس کے سالانہ ہدف 69.5 ارب روپے کا 93.1 فیصد ہیں جبکہ پنجاب پراونشل کو آپریٹو بینک نے زیر جائزہ مدت کے دوران6.6 ارب روپے تقسیم کر کے اپنے 10 ارب روپے کے ہدف کا 66.2 فیصد حاصل کر لیا، 14ملکی نجی بینکوں نے اپنے سالانہ اہداف کا مجموعی طور پر 81.6 فیصد پورا کیا، ملکی نجی بینکوں کے زمرے میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اپنا سالانہ ہدف پہلے ہی پورا کر چکا ہے۔

جبکہ بینک الحبیب نے اپنے سالانہ ہدف کا 96.6 فیصد، سندھ بینک نے 96.2 فیصد، بینک آف پنجاب نے 93.2 فیصد، بینک الفلاح نے 89.5 فیصد، فیصل بینک نے 89.1 فیصد، سمٹ بینک نے 85.3 فیصد، بینک آف خیبر نے 84.4 فیصد، حبیب میٹرو پولیٹن بینک نے 81.2 فیصد، سونیری بینک نے 79.4 فیصد اور سلک بینک نے اپنے سالانہ ہدف کا 68 فیصد حاصل کیا نیز این آئی بی بینک 56.2 فیصد، کے اے ایس بی بینک 40 فیصد اور عسکری بینک سالانہ ہدف کا صرف 31 فیصد پورا کر سکا، 7 مائیکرو فنانس بینکوں نے بطور گروپ، 19.6 ارب روپے جاری کیے، اس طرح انھوں نے 21.6 ارب روپے کے سالانہ ہدف کا 90.8 فیصد پورا کیا۔

مائیکرو فنانس بینکوں میں تعمیر مائیکرو فنانس بینک، یو مائیکرو فنانس بینک، پاک عمان مائیکرو فنانس بینک اور خوشحالی بینک اپنے اپنے سالانہ اہداف کو پہلے ہی پورا کر چکے ہیں، جبکہ این آر ایس پی مائیکرو فنانس بینک، وسیلہ اورفرسٹ مائیکرو فنانس بینک اپنے اہداف کا بالترتیب 80.5 فیصد، 71.6 فیصد اور 69.3 فیصد پورا کر سکے، جولائی تا مئی 2014 کے دوران اسلامی بینکوں کے زمرے میں3 بینکوں نے 532 ملین روپے ہدف کے مقابلے میں 523.9 ملین روپے جاری کر کے اپنے سالانہ اہداف کا مجموعی طور پر 98.5 فیصد پورا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں