کوسٹاریکا نے اٹلی کے ہوش ٹھکانے لگادیے

روئیز نے ہیڈر سے گیند گول پوسٹ میں پھینک کر ٹیم کو تاریخ میں دوسری بار ناک آئوٹ مرحلے تک رسائی دلائی


Sports Desk/AFP June 21, 2014
فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میچ میں کوسٹاریکن فارورڈ برائن روئیزہیڈر کے ذریعے گول کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

BAHAWALPUR: فٹبال ورلڈ کپ میں کوسٹاریکا نے اٹلی کے ہوش ٹھکانے لگا دیے اور برائن روئیز نے ہیڈر سے گیند گول پوسٹ میں پھینک کر ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی۔

فائول پلے کے باوجود نامی گرامی اطالوی فارورڈز حریف دفاعی حصار نہ توڑ پائے، یورپی ٹیم میگا ایونٹ کے15میچز میں پہلی بار ایک بھی گول نہ کر سکی، وسطی امریکی سائیڈ نے 1-0کی کامیابی کے ساتھ تاریخ میں دوسری بار ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔ قبل ازیں جمعرات کی شب یونان اور جاپان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، میچ کے 52منٹ تک 10کھلاڑیوں سے کھیلنے والی یونانی ٹیم نے حریف کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،کپتان کو ریڈ کارڈ ملنے کے باوجود ڈیفینڈرز سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔

تفصیلات کے مطابق گروپ ڈی میچ میں کوسٹاریکا نے ابتدا میں ہی اٹلی کو حیران کرتے ہوئے گیند اپنے قبضے میں رکھنے کی کامیاب پالیسی اپنائی اور پے درپے حملے جاری رکھے، ساتویں منٹ میں سیلسو بورجز خالی گول پوسٹ میں گیند نہ پہنچا سکے، چند لمحے بعد ڈیورٹے فری کک کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے،کارنر پر ایک کوشش اطالوی گول کیپر بفون نے کامیاب نہ ہونے دی،اٹلی کے جوابی حملوں میں تھیاگو موتا نے گیند گول پوسٹ سے 4گز کی دوری پر پھینک دی جبکہ بالوٹیلی سامنے موجود واحد ڈیفینڈر کو ڈاج نہ دے سکے۔

پنالٹی کی اپیل ٹھکرائے جانے کے بعد 44ویں منٹ میں ڈیاز کے ایک شاندار پاس پر برائن روئیز نے ہیڈر سے کوسٹاریکا کو برتری دلادی، دوسرے ہاف میں اٹلی نے تھیاگو کی جگہ کیسانو کو میدان میں اتارا جنھوں نے آتے ہی فری کک حاصل کرلی لیکن ڈرمین کی عمدہ شاٹ پر گول کیپر کیلر نیواس سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے،انھوں نے چند منٹ بعد پرلو کی کوشش بھی ناکام بنائی،اٹلی نے ایک اور تبدیلی کرتے ہوئے انتونیو سینڈریوا کی جگہ انسائن کو موقع دیا، ان کے پاس پر کیسانو کی شاٹ ایک بار پھر گول کیپر کا دفاع نہ توڑ سکی۔

کھیل کے 68 ویں منٹ کے بعد کوسٹارریکا نے ٹجیڈا کی جگہ کیو بیرو اور کیمبل کو بنچ پر بٹھا کر یورینا کو میدان میں اتارا ،اٹلی نے مارشیشیو کو واپس بلاکرسرسی کو شامل کیا تاہم دونوں طرف سے فائول پلے کے باوجود کسی کو گول کرنے میں کامیابی حاصل نہ ہوئی۔ یاد رہے کہ 1998میں فرانس کیخلاف میچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اٹلی کے فارورڈز کسی ورلڈ کپ میچ میں گول نہیں کرپائے،اس سے قبل ٹیم نے 15 مقابلوں میں کم ازکم ایک بار گیند کو جال کی راہ ضرور دکھائی تھی۔

قبل ازیں نٹال میں جمعرات کوگروپ سی کا جاپان اور یونان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، ایشین چیمپئن سائیڈ نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، اسے گول کرنے کے متعدد اچھے مواقع بھی ملے مگر وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکی،کھیل کے 21 ویں منٹ میں یویا اوساکا کی شاٹ پر گیند گول پوسٹ کے قریب سے گزر گئی،چند لمحے بعد ہی کیسوکی ہونڈا کی فری کک پر گیندگول کیپر نے روک لی،جاپانی کھلاڑیوں کو خطرناک طریقے سے گرانے پر یونانی کپتان کوسٹاس کاٹسورینس کو 27 ویں منٹ میں یلو کارڈ کے بعد 11منٹ بعد ہی ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، ٹیم 52 منٹ تک 10کھلاڑیوں سے کھیلتی رہی، پہلے ہاف میں جاپانی گیند پر قبضے کی شرح 75 فیصد رکھنے کے باوجود حریف کے دفاع میں شگاف نہ ڈال سکے۔

اس دوران یونان کی ایک اچھی کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی جب ٹوروسائیڈس کی ایک زورادر شاٹ پر ایجی کاوشیما نے گیند روک کر یقینی گول بچالیا، دوسرے ہاف میں بھی صورتحال تبدیل نہ ہوئی، کھیل کے61 ویں منٹ میں ہوٹارو یاما کے پاس پر یوشیدا کو گول پوسٹ کھلا ملا لیکن انھوں نے سستی دکھائی،دوسرا موقع یوشیٹو کوملا تو انھوں نے گیند تماشائیوں میں پھینک دی۔یاد رہے کہ جاپان کو ابتدائی مہم میں آئیوری کوسٹ نے 2-1 سے زیر کرلیا تھا، یونانی ٹیم کولمبیا کے ہاتھوں 3-0 کی خفت کا شکار ہوئی تھی، اس میچ کے برابر رہنے کے بعد دونوں ٹیموں کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |