اداکار طلعت حسین کا انتقال

طلعت حسین اعلیٰ پائے کے اداکا ہی نہیں تھے بلکہ ادب، فلسفے، مذہب، تصوف، مصوری اورسیاست کے موضوعات پربھی عبور رکھتے تھے

طلعت حسین اعلیٰ پائے کے اداکا ہی نہیں تھے بلکہ ادب، فلسفے، مذہب، تصوف، مصوری اورسیاست کے موضوعات پربھی عبور رکھتے تھے۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے معروف صدا کار اور اداکار طلعت حسین گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئے، ان کا فنی سفر نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط ہے۔

طلعت حسین اعلیٰ پائے کے اداکار ہی نہیں تھے بلکہ ادب، فلسفے، مذہب، تصوف، مصوری اور سیاست کے موضوعات پر بھی عبور رکھتے تھے۔

طلعت حسین کا شمار پاکستان کے ان باکمال فنکاروں میں ہوتا ہے، جنھوں نے فن کی تمام اصناف میں کام کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ تلفظ اور تاثرات کے ماہر طلعت حسین پاکستان میں فنون لطیفہ کے چمکتے دمکتے ستارے تھے۔

انھوں نے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کو اپنی منفرد انداز کی اداکاری سے دوام بخشا۔ فلم، ٹی وی، اسٹیج اور ریڈیو پر اپنے فن اداکاری اور صداکاری سے نئے آنے والے اداکاروں کے لیے گہرے نقوش چھوڑے جو آج بھی ان کے لیے اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔ طلعت حسین کا پورا نام طلعت حسین وارثی تھا۔


وہ 1940 میں ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک روشن خیال اور پڑھے لکھے گھرانے سے تھا، ان کے والدین الطاف حسین وارثی اور شائستہ بیگم ریڈیوکی جانی پہچانی آواز تھے۔ یہ خاندان قیام پاکستان کے بعد کراچی آن بسا۔ طلعت حسین کی شادی جامعہ کراچی کی پروفیسر رخشندہ حسین سے ہوئی تھی۔

طلعت حسین کو شروع سے ہی فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے کا شوق تھا۔ انھوں نے اپنے فنی سفرکا آغاز 1964 میں ریڈیو پاکستان پر بطور نیوز کاسٹر سے کیا اور پاکستان ٹیلیویژن پر کام کا آغاز 1967 سے کیا۔

طلعت حسین نے اداکاری کی باقاعدہ تربیت برطانیہ سے حاصل کی۔ اس کے لیے وہ 1972 سے1977 تک لندن میں مقیم رہے اور لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹ سے اداکاری کے شعبے میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔انھوں نے لندن چینل فور کی مشہور زمانہ سیریز 'ٹریفک' میں لاجواب اداکاری کی۔ طلعت حسین اداکاری کے شعبے میں اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے۔

طلعت حسین کو ان کے فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے 1982 میں پرائڈ آف پرفارمنس اور 2021 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ 1985 میں انھیں فلم گمنام میں ناقابل فراموش اداکاری پر نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔ انھوں نے نگار ایوارڈ سمیت کئی دیگر ایوارڈ بھی حاصل کر رکھے تھے۔

طلعت حسین نے فلم انڈسٹری اور ٹی وی ڈراموں کا سنہری دور دیکھا اور زوال کے بھی وہ عینی شاہد تھے۔ ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری میں شاید ہی کوئی اور ایکٹر ان کا خلا پر کرسکے۔
Load Next Story