10ماہ قبل نمائش سے لاپتہ ہونے والی بچی بازیاب سرجانی سے بازیاب

سیما اور سمیر نامی مبینہ اغواء کاروں کے نام سامنے آئے ہیں، ایس ایس پی سینٹرل


Staff Reporter May 27, 2024
فائل فوٹو

نمائش چورنگی سے 10 ماہ قبل لاپتہ ہونے والی بچی کو پولیس نے سرجانی ٹاؤن سے بازیاب کرا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 14 اگست کو نمائش چورنگی سے لاپتہ ہونے والی بچی عائشہ کو بازیاب کرا لیا گیا، بچی سرجانی ٹاؤن کے رہائشی خاندان کے پاس تھی جنہوں نے بچی کو اپنے پاس قید کر کے رکھا تھا، وہ لوگ بچی کو نہ کھانا کھلاتے اور نہ پہننے کو کپڑے دیتے تھے، وہ لوگ اس بچی کو فروخت کرنا چاہتے تھے۔

اس خاندان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ عائشہ تین چار ماہ سے ہمارے پاس تھی، عائشہ کو چار ماہ قبل جس دن گھر لے کر آئے تو وہ کئی روز کی بھوکی تھی، ہم نے اسے کھانا کھلایا اور پہننے کو کپڑے دیے۔

ننھی بچی عائشہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ہمیں نامعلوم نمبر سے کال کر کے بتایا گیا کہ بچی سرجانی میں رہ رہی ہے، سرجانی گئے تو ہماری اس خاندان سے ملاقات ہوئی، چار سالہ عائشہ اپنی والدہ کو پہچان نہ سکی جس کے بعد پولیس نے بچی کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیما اور سمیر نامی مبینہ اغواء کاروں کے نام سامنے آئے ہیں جن کے بارے میں اطلاع ملی ہے کہ انہوں نے بچی کو اغواء کرکے رکھا تھا، سرجانی میں مبینہ اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار ٹیم بھیجی گئی، بچی جس وقت ملی تو اسکی حالت غیر تھی، تین ماہ تک یہ بچی ان کے پاس رہی اور فیملی نے کسی کو بھی اطلاع نہیں دی جس سے معاملہ مشکوک ہوگیا، سمیر اور سیما نے بچی کو اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے 14 اگست 2023 کے روز تھانہ سولجر بازار کی حدود نمائش چورنگی سے اغواء ہونے والی بچی کی صحیح سلامت بازیابی پر ایس ایس پی سینٹرل اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

انکا کہنا تھا کہ آپ اور آپکی ٹیم کی سنجیدہ کاوشوں نے بالآخر 10 ماہ قبل اغواء کی گئی بچی کو بازیاب کرکے اسکے والدین اور دیگر رشتے داروں کو جو خوشی دی ہے وہ بلاشبہ لائق ستائش و تعریف ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں