دیس بدیس کے کھانے

مشرقی کھانوں میں مغربی آمیزش ذائقے کی الگ دنیا روشناس کراتی ہے۔

گرمیوں میں آئس کریم سے دور نہیں رہا جاسکتا۔ فوٹو: فائل

براؤنی فج آئس کریم

اجزا:

ایواپوربٹڈ ملک (ایک کین)، کنڈینسڈ ملک (تین چوتھائی کین)، کریم (چار سو گرام) پھینٹ لیں، چاکلیٹ سوس (آدھی پیالی)، چاکلیٹ ایسنس (آدھا چائے کا چمچا)، براؤنی دو ٹکڑے (کٹی ہوئی)۔



ترکیب:

پہلے ایواپوریٹڈ ملک کو خوب پھینٹ لیں۔ اس کے بعد اسے کنڈینسڈ ملک، کریم، چاکلیٹ ایسنس اور چاکلیٹ سوس کے ساتھ فولڈ کرلیں۔ پھر اسے ایئر ٹائٹ کنٹینر میں چار گھنٹے کے لیے رکھیں۔ اس کے بعد اسے نکال کر براؤنیز میں فولڈ کریں اور ٹھنڈا کر کے نوش کریں۔

فروزن اسٹرابری

اجزا:

اسفنج کیک (ایک عدد) فنگرز کی شکل میں کٹا ہوا، اسٹرابریز ایک پیالی (سلائس کی ہوئی)، کریم (ایک پیالی)، اسٹرابری آئس کریم (حسب ضرورت)، اسٹرابری سوس (سرونگ کے لیے)



ترکیب:

ایک پیالے میں اسفنج کیک کو سیٹ کر کے اسٹرابری آئس کریم ڈال دیں۔ اس کے بعد اسٹرابری اور کریم سے گارنش کر کے فریز کردیں۔ پھر اسٹرابری سوس ڈال کر نوش کریں۔

چاکلیٹ آئس کریم

اجزاء:

دودھ (ایک لیٹر)، انڈے (چھے عدد)، کارن فلور (دوکھانے کے چمچے)، چینی (ڈیڑھ پیالی)، ونیلا ایسنس (ایک کھانے کا چمچا)، کریم (600 ملی لیٹر)، کوکو پاؤڈر (تین کھانے کے چمچے)، چاکلیٹ چپ (ایک پیالی)، اسٹیبلائزر پاؤڈر (آدھا چائے کا چمچا)، گارنش کے لیے مندرجہ ذیل اجزا (حسب ذائقہ)، ویفربسکٹ، مختلف رنگوں کی جیلی، چیری، چاکلیٹ سوس، پیرالائن، فروٹ کاکٹیل، پودینے کی پتیاں، کرشڈ کورن فلکیس، مختلف رنگوں کے اسپرنکلز۔



ترکیب:

پہلے انڈے کی زردی اور سفیدی الگ کرلیں، اب زردی کو پھینٹ لیں۔ اس کے بعد ایک پین میں دودھ لیں اور اس میں چینی، ونیلا ایسنس، انڈے کی پھینٹی ہوئی زردی، کارن فلور اور کوکو پاؤڈر شامل کرکے اچھی طرح پھینٹ لیں، کہ یہ محلول کی طرح ہوجائے۔

اب پین کو چولہے پر رکھ دیں۔ درمیانی آنچ پر چمچا ہلاتے ہوئے اتنا پکائیں کہ یہ کسٹرڈ کی طرح گاڑھا ہوجائے، پھر اس میں اسٹیبلائزر پاؤڈر شامل کریں۔ چولہے سے ہٹا کے آمیزے کو ٹھنڈا کرلیں۔

کریم کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور اسے آمیزے میں شامل کرکے ہلاتے جائیں۔ انڈے کی سفیدی کو اتنا پھینٹیں کہ وہ فوم کی طرح بن جائے۔ اب انڈے کی سفیدی کو آمیزے میں شامل کرکے فولڈ کریں۔ پھر چاکلیٹ چپ ڈال کے فولڈ کریں۔ آپ اس میں خشک میوے بھی ڈال سکتی ہیں۔

اس آمیزے کو باؤل میں ڈالیں جس میں فریز کرسکتے ہوں اور فریزر میں رکھ دیں۔ پانچ سے چھے گھنٹے کے بعد اسے فریزر سے نکال کے بیٹ کریں کہ اس طرح ہو جائے، جیسی فریز ہو نے سے پہلے تھی۔

پھر باؤل فریزر میں رکھ دیں اور پانچ گھنٹے بعد آئس کریم فریزر سے نکال کے بیٹ کریں اور دوبارہ فریزر میں رکھ دیں۔ یہ عمل تین مرتبہ کرنا ہے اور ہر بار آئس کریم دس سے پندرہ منٹ بیٹ کرنی ہے۔


جب آئس کریم تیار ہو جائے، تو آئس کریم پیالی میں اسکوپ ڈالیں۔ اپنی مرضی کے گارنشنگ اجزا سے گارنش کرکے پیش کریں۔

(فرائیڈ آئس کریم بنانے کے لیے)

گول سخت آئس کریم کا اسکوپ لیں اور اسے بریڈ کرمز میں رول کرکے تیز آنچ پر فرائی کر لیں۔ یہ چند سیکنڈ میں تل جائے گا۔

اس بات کا یقین کر لیں کہ آئس کریم سکوپ نرم نہ ہو اور تیل بہت گرم ہو۔ آپ گھر میں بھی کورن فلیکس کی مدد سے آئس کریم کو فرائیڈ آئس کریم کا تاثر دے سکتی ہیں۔ اس کے لیے کورن فلکیس کو ہاتھ سے کرش کریں، پھر آئس کریم اسکوپ کو اس میں کوٹ کر تل لیں۔ اس کے بعد کریم اور آئسنگ شوگر سے سجا کے پیش کریں۔

پھل دار آئس کریم

اجزا:

آم (تین عدد)، کیلے (تین عدد)، چیکو (چار عدد)، دْودھ (ایک کلو)، ربڑی (ایک کلو)، پستے (25گرام )، بادام (25گرام )، چینی (دو پیالی)، الائچی دو عدد (دانے نکال لیں)۔



ترکیب:

آم، کیلے، چیکو، چینی اور الائچی کو دْودھ میں ڈال کر پیس لیں۔ اس طرح ان سب کا مکس شیک تیار کرلیں اور دودھ کو ہلکی آنچ پر اْبال آنے تک رکھ دیں۔ اْبال آنے پر ربڑی شامل کریں اور دودھ کو ہلکی آنچ پر گاڑھا ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔ گاڑھا ہونے پر دْودھ ایک سیدھے سانچے میں ڈال کر فریزر میں رکھ کر جما لیں۔ اس کے بعد اس کے اوپر پستے بادام ڈال کر پیش کریں۔ خوش ذائقہ پھل دار آئس کریم تیار ہے۔

وینیلا آئس کریم

اجزا:

ڈبل کریم (دوپیالی)، دودھ(دو پیالی)، انڈے(چار عدد) زردی الگ کرلیں، شکر (تین چوتھائی پیالی)، وینیلا ایسنس (حسب ضرورت)۔



ترکیب:

نان اسٹک پین میں دودھ اور کریم ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں اور لکڑی کے چمچے سے ملا لیں۔ ایک پیالے میں انڈے کی زردی، وینیلا ایسنس اور شکر ڈال کر خوب پھینٹیں، اس کے بعد اس میں کریم اور آدھی پیالی دودھ کے آمیزے کو زردی میں ڈال کر بیٹر سے اچھی طرح ملا لیں۔ اس کے بعد زردی والے آمیزے کو سوس پین میں گرم ہوتے ہوئے آمیزے میں شامل کر کے ہلکی آنچ پر آٹھ منٹ تک پکائیں۔ یہ آمیزہ اتنا گاڑھا ہو جائے کہ چمچے پر اس کی کوٹنگ سی بننے لگے، تو سوس پین کو چولہے سے ہٹالیں۔ آمیزے کو چھان کر سانچے میں ڈالیں اور ڈھانپ کر فریزر میں رکھیں۔ اس کے بعد نکال کر بیٹر سے پھینٹ کر دوبارہ چھ سے آٹھ گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ مزیدار آئس کریم تیار ہے۔

آم کی آئس کریم

اجزا:

آم کا گودا (آدھا کلو)، کنڈینسڈ مِلک (آدھا ٹِن)، کریم (ایک پیکٹ)، خشک دودھ (ایک پیالی)، آئسنگ شوگر (ایک پیالی)، دودھ (ایک پیالی)۔



ترکیب:

پین میں دودھ اور آئسنگ شوگر ڈال کر اتنا پکائیں کہ اچھی طرح حل ہو جائے۔اس کے بعد آم کا گودا، کنڈینسڈ ملک، کریم اور خشک دودھ بلینڈر میں شامل کر کے بلینڈ کر لیں۔ پھر تمام چیزوں کو آئس کریم کے سانچے میں ڈال کر فریزر میں آٹھ گھنٹے کے لیے جما لیں اور مزے دار آم کی آئس کریم نوش کریں۔
Load Next Story