آپریشن ضرب عضب شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 30 دہشتگرد ہلاک

پاک فضائیہ کےجیٹ طیاروں کی بمباری سے شدت پسندوں کے 5 ٹھکانے تباہ ہو گئے۔


ویب ڈیسک June 21, 2014
6 روز قبل شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 200 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے 30 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے 2 ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ایک دوسری کارروائی میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسو خیل شدت پسندوں کے 3 ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک اور ان میں ذخیرہ کیا ہوا اسلحہ و بارود بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فضائیہ اور آرمی نے میران شاہ کے علاقے قطب خیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 20 دہشت گرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے تھے۔ حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 روز قبل شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 250 سے زائد دہشت گرد ہلاک اور ان کے درجنوں ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں جب کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے 8 جوان بھی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث اب تک 2 لاکھ سے زائد لوگ بنوں اور دیگر علاقوں میں نقل مکانی کر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں