ہیٹ ویو میٹرک کے امتحانات میں طلبا کی حالت غیر ہوگئی متعدد بے ہوش

میٹرک بورڈ نے ہیٹ ویو کی پیش گوئی کو بالکل نظرانداز کردیا، سینٹرز میں پنکھے بھی خراب


Staff Reporter May 29, 2024
(فوٹو : ایکسپریس)

کراچی میں دن بھر گرم ہواؤں کا راج رہا، میٹرک بورڈ کے امتحانات کے دوران ہیٹ ویو کی پیش گوئی کے باوجود انتظامات ناقص رہے، تین طلبہ کی حالت غیر ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے امتحانات نے طلبہ کو دہرے امتحان سے دوچار کردیا، میٹرک کے امتحانات کا دوبارہ آغاز ہوا لیکن طلبہ کے مسائل حل نہ ہوسکے، ہیٹ ویو کے پیش نظر امتحانات ملتوی کیے گئے تھے لیکن محکمہ بورڈز اینڈ یونیورسٹیز نے انوکھی حکمت عملی اپناتے ہوئے ہیٹ ویو کی پیشگوئی والے دن امتحان کا انعقاد کرلیا۔

شہر کے کئی امتحانی مراکز کے کلاس رومز میں پنکھے غائب ملے تو کہیں پنکھے غیر فعال نظر آئے۔ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول جیکب لائن ون میں امتحانی اوقات میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سینٹر کی کچھ کلاسوں میں پنکھے خراب جس کے باعث طالب علموں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

اس حوالے سے طالب علم اور اساتذہ کہتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ بھی ہورہی ہے اور پنکھے بھی خراب ہیں گرمی میں امتحان دینا ایک الگ امتحان ہوگیا ہے، پسینے سے کاپیاں بھی خراب ہوجاتی ہیں۔

دوسری جانب گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول ملیر برف خانہ کے امتحانی سینٹر میں پنکھوں اور بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے امتحان کے دوران گرمی سے طالبہ کی طبیعت بگڑ گئی طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال روانہ کیا گیا طالبہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اس سینٹر میں گزشتہ پرچوں میں بھی ایک طالبہ بےہوش ہوچکی تھی اس کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ متعدد امتحانی مراکز میں طلبہ گرمی سے بے ہوش ہوئے۔ یہاں دسویں جماعت سائنس گروپ کے طلبہ نےصبح کی شفٹ میں سندھی کا پرچہ دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں