پاکستان کا دوسرا کمیونی کیشن سیٹلائٹ خلاء میں روانہ

سیٹلائیٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر کے ذریعے مدار میں بھیجا گیا


ویب ڈیسک May 30, 2024
فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 خلاء میں روانہ کردیا گیا۔

ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائیٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مدارمیں بھیجا گیا۔ پانچ ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔اس سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستان کے طول و عرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کہ سہولت فراہم کی جا سکے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 30 مئی کو خلا میں بھیجنے کا اعلان

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیٹلائٹ زمین سے 36000 کلومیٹر کی اونچائی پر مدار میں داخل کیا جائے گا۔ سیٹلائٹ کو زمین سے مدار تک پہچنے میں 3 سے 4 روز لگ سکتے ہیں۔ سیٹلائٹ ای کامرس اور ای گورننس کے علاوہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے PakSat MM1 کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیٹلائیٹ کا چین کے Xichang Satellite Launch Centre سے خلاء میں بھیجا جانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیٹلائیٹ نہ صرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی، سیٹلائیٹ مواصلاتی نظام میں بہتری سے ای کامرس، اقتصادی سرگرمیوں اور ای گورننس میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیٹلائیٹ کا زمین کے مدار میں 36 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر بھیجا جانا سپارکو اور متعلقہ اداروں کی بڑی کامیابی ہے جس پر پوری قوم انہیں داد تحسین دیتی ہے، سیٹلائیٹ کا زمین کے مدار میں کامیابی سے پہنچنا پاکستان کے تابناک مستقبل کی نوید ہے، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ سیٹلائیٹ PakSat MM1 اجرا ملک میں مواصلاتی نظام کی بہتری اور خلائی شعبے میں بڑی کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے چین میں لانچنگ کے موقع پر کہا کہ یہ ہمارے لئت تاریخی دن ہے اس سے ہمارا مواصلاتی نظام بہتر ہوگا۔وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے راکٹ سے سیٹلائیٹ خلاء میں بھیجیں گے۔

قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سیٹلائٹ پاک ایم ایم ون کی کامیابی لانچنگ پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے سائنسدانوں اور انجیئنرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مواصلاتی سیٹلائٹ کی لانچنگ سے بہتر مواصلاتی رابطے سے مستفید ہو گا، اس اہم کامیابی سے ترقی کی نئی منازل طے ہوں گی، یہ ہماری دوسری کامیابی خلائی ترقی کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے ، انشاءاللہ یہ سفر جاری رہے گا۔

علاوہ ازیں چاروں صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور سیاست دانوں نے بھی سیٹلائٹ روانہ ہونے کو پاکستان کی عظیم کامیابی قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |