خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ


فوٹو : فائل

آٹا گوندھنا
سلیمہ شاہ، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی امتحان کی تیاری کر رہی ہوں اور میری امی آ کر مجھے کہتی ہیں کہ کچن میں ان کی مدد کرا دوں ۔ مہمانوں کی آمد سے پہلے وہ کام مکمل کرنا چاہتی ہیں۔ میں کتابیں رکھ کے ان کے ساتھ چلی جاتی ہوں اور ان سے کہتی ہوں کہ برتن نہیں دھوئوں گی، بس آٹا گوندھ دیتی ہوں۔ یہ کہہ کے میں آٹا ڈالتی ہوں تسلے میں تاکہ گوندھ سکوں۔ اسی دوران ہماری ہمسائی کے گھر سے بھی مختلف آٹے آ جاتے ہیں۔ اور میں سوچتی ہوں کہ الگ الگ کرنے کی بجائے میں ایک ساتھ سارے گوندھ لیتی ہوں۔ مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے تنگ دستی غم اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ اللہ تعالی کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی۔ اور اس کے علاوہ اگر کوئی بیمار ہے،گھر میں تو اس کو شفاء ملے گی۔ آپ سب نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

چائے بنانا
بلال احمد، منڈی بہائوالدین
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر ہوں اور ان کے کچن میں رات کے وقت اپنے لئے چائے بنا رہا ہوں۔ چائے کی پتی نکالتے ہوئے میں دیکھتا ہوں کہ کیبنٹ میں ایک چوہا موجود ہے جس پر میں گھبرا کر فوراً اسے بند کر دیتا ہوں۔ دوسری بارکھولتا ہوں تو ادھر بھی ایک چوہا موجود ہوتا ہے۔ جو تیزی سے میری طرف لپکتا ہے۔ میں ہاتھ آگے کر کے اسے روکنے کی کوشش کرتا ہوں جس پہ وہ میرے ہاتھ میں آ جاتا ہے اور میں پھر اسے پکڑ لیتا ہوں کہ اس کو خود باہر پھینک آئوں مگر دیکھتا ہوں کہ وہ مر چکا ہے۔

تعبیر : خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم سے واسطہ پڑ سکتا ہے۔کاروباری معاملات میں بھی کسی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر جمعرات کو حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں ۔ اس کے علاوہ اپنے گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کریں۔

تقریب میں جانے کی تیاری کرنا
شمائلہ رحیم، ڈیرہ اسماعیل خان
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے جلدی جلدی تیار ہو رہی ہوں، ساتھ ہی دل میں یہ بھی سوچ رہی ہوں کہ میں نے بہت دیر کر دی ہے ۔ جب بال بنانے کے لئے بیٹھتی ہوں تو مجھے بال سلجھانے میں کافی مشکل پیش آتی ہے۔

تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی ناگہانی آفت یا پریشانی سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ خاص طور پہ گھریلو معاملات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔گھریلو معاملات کو کبھی حد سے بڑھنے نہ دیں۔ خاص طور پہ اپنے میاں کے ساتھ غیر ضروری بحث سے گریز کریں بلکہ ان کو جو بھی کھانے یا پینے کو دیں اس پہ ایک مرتبہ یا ودود اور ایک مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ کے پھونک مار کر دیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں ۔

درخت پر چڑھنا
سمیرا چوہدری، سرگودھا
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کالج کے ٹرپ کے ساتھ کہیں گئی ہوئی ہوں اور وہاں اپنی دوستوں کے ساتھ مل کے درخت پہ چڑھنے کا مقابلہ کرتی ہوں کہ کون جلدی درخت پہ چڑھتا ہے، ہم تین دوستیں تیزی سے درخت پہ چڑھتی ہیں۔ میں سب سے پہلے اوپر مطلوبہ مقام تک پہنچ جاتی ہوں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ خوشی پہ دلیل کرتا ہے۔ اس کا تعلق تعلیمی معاملات اور گھریلو دونوں سے ہو سکتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

دعوت اڑانا
نسیم شیخ، فیصل آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کہیں دعوت پہ گیا ہوا ہوں اور وہاں پہ ہم کو ایک تھال میں انتہائی لذیز بھنا ہوا گوشت ملتا ہے جو کہ انتہائی مزیدار ہوتا ہے ہم سب جیسے کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں اس سے پیٹ تو بھر جاتا ہے مگر نیت سیر نہیں ہوتی۔ سچ پوچھیں تو میں نے زندگی میں کبھی اتنا لذیذ کھانا نہیں کھایا ہوتا۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے آپ کو مال و دولت عطا کریں گے ۔ مال و وسائل میں اضافے سے رزق میں بھی برکت ہو گی اور اس سے زندگی میں آسانی پیدا ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

عید قرباں کی تیاری
گوہر رقیب، گوجرانوالہ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں بقر عید کے لئے جانور قربان کرنے کے لئے چھری لا کر رکھتا ہوں اور باقی کی چیزیں بھی اکٹھی کر کے قربانی کے لئے کام شروع کرتا ہوں مگر کیا دیکھتا ہوں کہ میری چھری بہت زنگ آلود ہوتی ہے اور اس قابل بھی نہیں ہوتی کہ سبزی تک کاٹ سکے۔ جانور کاٹنا تو ناممکن سی بات تھی۔ یہ دیکھ کہ میں بہت رنجیدہ و پریشان ہوتا ہوں اور اٹھ کر گھر کے اندر چلا جاتا ہوں۔

تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اب اس کا تعلق گھریلو تعلیمی یا کاروباری دنیا سے بھی ہو سکتا ہے۔ آپ چلتے پھرتے وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں، ممکن ہو سکے تو روزانہ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں یا مالی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے تو چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں۔

طلبا میں کھانا بانٹنا
نثار سلیم، بہاولپور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی مدرسہ جیسی جگہ موجود ہوں اور طلباء کو کھانے کی کوئی چیز بانٹ رہا ہوں۔ وہاں بہت سے اساتذہ بھی موجود ہوتے ہیں۔ ان بچوں کو کھاتے دیکھ کر مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے اور اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : ۔ بہت اچھا خواب ہے اور دینی معاملات میں بہتری کی طرف دلیل کرتا ہے یا آپ دینی معاملات میں آسانی دینے کا باعث بن سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

جیل میں قید ہونا
سکندر حیات، چنیوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج میں کھڑا ہوں اور میرے ہاتھ میں کوئی جھنڈا ہے جو کہ چلتے ہوئے مجھ سے گر جاتا ہے اور مجھے اس جرم میں جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ میں وہاں خود کو بہت تکلیف میں دیکھتا ہوں۔ اور کافی پریشان اور اداس بھی ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور کئی دن سے یہ خواب میرے اعصاب پہ سوار ہے اور مجھے پریشانی رہتی ہے کہ جانے اس کا کیا مطلب ہو مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔

تلاوت کرنا
حبیب اللہ، شاہدرہ، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر روزہ افطار کر رہا ہوں ۔ وہاں ان کے کافی عزیز و اقارب بھی مدعو ہیں ۔ افطار کے بعد ادھر نعت خوانی ہو رہی ہوتی ہے تو میرے دوست کے ابو سب کو میرے بارے میں بتاتے ہیں کہ میں کتنی اچھی تلاوت کرتا ہوں اس پہ سب مجھے کچھ پڑھنے کو کہتے ہیں۔ میں تلاوت کرتا ہوں جس پہ سب میری بہت تعریف کرتے ہیں جس سے مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔گھریلو وکاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

جھولی پھیلانا
فاروق ملک ، شیخوپورہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میںکہیں جا رہا ہوں، کچھ ویرانہ سا ہے جہاں دور دور تک کوئی جاندار نظر نہیں آتا ۔ وہاں مجھے ایک سرسبز قطعے پہ ایک نورانی چہرے والے بزرگ دکھائی دیتے ہیں جو مجھے جھولی پھیلانے کا اشارہ کرتے ہیں۔ میں نا سمجھی سے جھولی پھیلا دیتا ہوں اور کتنی دیر اسی طرح بیٹھا رہتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی جس سے دنیاوی طور پر بھی آپ کو فائدہ ہو گا۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں۔

جوتے کی تلاش
غلام نبی ، کراچی
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں مارکیٹ میں تیزی سے پھر رہا ہوں جیسے کسی چیز کی تلاش کر رہا ہوں۔ اچانک میری نظر اپنے پاوں پہ پڑتی ہے تو مجھے حیرت ہوتی ہے کہ میرے پاوں میں جوتا نہیں ہوتا۔ میں پریشانی کے عالم میں جوتا تلاش کرنے لگ جاتا ہوں اور میرے پاوں سارے مٹی سے اٹے ہوتے ہیں ۔ مگر کہیں کوئی جوتا نظر نہیں آتا۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔

حلوہ تیار کرانا
الیاس شامی، پشاور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں چھٹی کے دن گھر میں ہوں اور اپنی بیوی سے حلوہ بنانے کی فرمائش کرتا ہوں ۔ وہ کافی زیادہ بنا دیتی ہے تو میں اس کو مختلف برتنوں میں ڈال دیتا ہوں کہ چلو آج ہم سب عزیزوں کو یہ بھیجیں گے۔ اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

تنخواہ کا لفافہ
فرحین حسین، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ ان کے دفتر میں موجود ہوں اور ان کے باس ان کو تنخواہ کا لفافہ دے رہے ہیں ۔ مگر اگلے ہی لمحے دیکھتی ہوں کہ وہ میری ساس کے ہاتھ میں ہے اور وہ کھڑکی کھول کر سارے پیسے ہوا میں اڑا دیتی ہیں۔ یہ دیکھ کہ میں بہت پریشان ہو جاتی ہوں کہ اب ہم کیا کریں گے۔ میرے میاں اپنی والدہ کو روکنے کے لئے تیزی سے آگے بڑھتے ہیں مگر وہ سب اڑا دیتی ہیں جس پہ وہ نیم بے ھوش ہو کر ادھر ہی زمین پہ بیٹھ جاتے ہیں۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

کھیر کھانا
سلمیٰ اقبال، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں دعوت پہ آئی ہوئی ہوں اور ان چہروں میں سے کسی کو بھی نہیں جانتی مگر بہت مطمئن انداز میں ایسے گھوم رہی ہوں جیسے میرے گھر کی دعوت ہے ۔ گھر کچھ کچھ میری نانی کے پرانے گھر سے ملتا ہے۔ مگر کافی بڑا ہوتا ہے۔ میں دیکھتی ہوں کہ ادھر بہت انواع و اقسام کے کھانے سجے ہوئے ہیں اور بیرے انتہائی خوشبودار کھانے لئے ادھر ادھر پھر رہے ہیں اور لوگوں کی پلیٹوں میں ان کی پسند کا کھانا ڈال رہے ہوتے ہیں ۔ میں بھی کچھ کھیر نما چیز ڈالتی ہوں جو کہ انتہائی لذیذ ہوتی ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔

تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پہ مستحکم ہوں گے۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

بہت تیز دوڑنا
غلام شبیر، سکھر
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں بھاگتا جا رہا ہوں اور ایک بہت بڑا کالا سیاہ ہاتھی میرے پیچھے پڑا ہے۔ میں اس سے بچنے کے لئے بہت تیزی سے بھاگ رہا ہوں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں