یورپی ملک سلووینیا نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا

سلووینیا کے دارالحکومت میں سرکاری عمارت کے سامنے سلووینیا اور یورپی یونین کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی لہرایا گیا

سیلوانیا کے وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا:فوٹو:رائٹرز

اسپین، آئرلینڈ اور ناروے کے بعد یورپی ملک سلووینیا نے بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیراعظم روبرٹ گولوب نے سلووینیا کے دارالحکومت لوبیانا میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ سلووینیا کی حکومت نے آج فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسپین نے باضابطہ طور پر فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا


 

وزیراعظم روبرٹ گولوب نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ فوری طور پرروکنے اور یرغمال بنائے گئے تمام افراد کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ امن کا پیغام ہے۔ سلووینیا کی حکومت نے دارالحکومت کے وسط میں واقع سرکاری عمارت کے سامنے سلووینیا اور یورپی یونین کے پرچموں کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی لہرایا۔

پارلیمنٹ کی اسپیکر کا کہنا ہے کہ سلووینیا کے اراکین پارلیمنٹ فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے منگل کو ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔ یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ غزہ میں بمباری روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔ اس سے قبل اسپین، ناروے اور آئر لینڈ بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرچکے ہیں۔

یورپی یونین کے 27 ارکان میں سے سویڈن، قبرص، ہنگری، جمہوریہ چیک، پولینڈ، سلوواکیہ، رومانیہ اور بلغاریہ پہلے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں جبکہ مالٹا نے کہا ہے کہ وہ بھی جلد ان ممالک کی پیروی کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔ غزہ میں 7 ماہ سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں اب تک 36 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں
Load Next Story