پاک فوج کا ایک دن کی تنخواہ وزیرستان آپریشن کے متاثرین کو دینے کا اعلان

وزیراعظم نے شمالی وزیرستان آپریشن کے آئی ڈی پیز کو اسمارٹ کارڈ سے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا


ویب ڈیسک June 21, 2014
پاک فوج وزیرستان کے بے گھر افراد کو ایک ماہ کا راشن بھی فراہم کرے گی۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے شمالی وزیرستان آپریشن کے آئی ڈی پیز کو اسمارٹ کارڈ سے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا جبکہ فوج کے تمام افسران اور جوانوں نے ایک دن کی تنخواہ آئی ڈی پیز کو دینے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرہ خاندانوں کو اسمارٹ کارڈ کے ذریعے امداد کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئی ڈی پیز کو چیک پوائنٹس پر ہی نقد ادائیگی کی جائے گی اور جہاں متاثرین کی رجسٹریشن کی جارہی ہے انہیں وہیں پر ریلیف فراہم کیا جائے گا جبکہ پاک فوج کے تمام افسران اور جوانوں نے بھی آئی ڈی پیز سے اظہار یکجہتی اور ان کی قربانی کو سراہنے کے لئے ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ پاک فوج وزیرستان کے بے گھر افراد کو ایک ماہ کا راشن بھی فراہم کرے گی۔

دوسری جانب ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا ارباب عارف نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ شمالی وزیرستان سے 2 لاکھ 90 ہزار افراد اب تک نقل مکانی کرچکے ہیں اور 3 لاکھ 7 ہزار افراد کی رجسٹریشن ہوچکی ہے جبکہ افغانستان جانے والے 25 خاندان بھی واپس آچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کررہے ہیں،شمالی وزیرستان میں ٹرانسپورٹ کی کمی ہے تاہم بنوں کے کمشنر نے روزانہ کی بنیاد پر 56 گاڑیاں فراہم کی ہیں جن کے ذریعے بھی آئی ڈی پیز کو منتقل کیا جارہا ہے۔

ارباب عارف نے کہا کہ سیدگی چیک پوسٹ پر 20 رجسٹریشن ڈیسک،4 موبائل ہیلپ یونٹ اور 6 نادرا موبائل یونٹ کررہے ہیں،نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ جن متاثرین کے شناختی کارڈ نہیں ہیں ان کے کارڈ بنائے جائیں جبکہ چیک پوسٹ پر پولیو ویکسی نیشن کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے آئی ڈی پیز کے لئے 50کروڑ جاری کردیئے ،خیبرپختونخوا حکومت نے بھی 34 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کیے ہیں جس کی سمری جلد منظور ہونے کی توقع ہے، متاثرین کو سیدگی چیک پوسٹ پر پانچ ہزار روپے نقد دیے جائیں گے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے فی خاندان کو 3 سے 5ہزار رمضان پیکج دینے کی بھی تجویز دی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ متاثرین کے ہر خاندان کو 7 ہزار کا پیکج بھی دیا جائے گا اور پہلے آنےوالوں کو بھی امدادی رقم دی جائے گی جبکہ افغانستان سے واپس آنے والے لوگوں کو بھی پیکج دیں گے،حکومت نے 10 ہزار خاندانوں کے لئے 12 کروڑ روپے مختص کردیئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |