کراچی گرمی کی لہر جاری ہفتے کو پارہ 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے
جمعے کوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.5ڈگری ریکارڈ ، گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی
شہرقائد میں جمعے کو زیادہ سے درجہ حرارت 35.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تاہم گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی، ہفتے کو پارہ 42 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔
شہرمیں 29 مئی سے جاری ہیٹ ویو کی وجہ سےجمعے کو دوپہرکے وقت ہوامیں نمی کاتناسب 65 فیصد تک بڑھنے کےسبب شدید گرم ومرطوب موسم ریکارڈ ہوا، سمندری ہواؤں کی بندش اوربلوچستان سے آنے والی گرم ہواؤں کے اثراندازہونے کے سبب دوپہر کے وقت لوکے تھپیڑے چلے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روزکے مقابلے میں 35.5ڈگری ریکارڈ ہوا،تاہم شہرمیں گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی موجودہ لہرمیں 2جون سے بتدریج کمی واقع ہونا شروع ہوگی، جس کے بعد زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35تا 36 ڈگری کی رینج میں آجائےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیہی سندھ کےاضلاع داود، قمبرشہدادکوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور، گھوٹکی میں پارہ 46 تا 48 ڈگری، سانگھڑ،حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہیار،ٹنڈومحمد خان، میرپورخاص،عمرکوٹ میں 42 تا 44ڈگری جبکہ ٹھٹھ،سجاول،بدین اور تھرپارکر میں 38 تا40 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
جمعے کو سب سے زیادہ پارہ جیکب آباد میں 50ڈگری ریکارڈ ہوا،مذکورہ درجہ حرارت جیکب آباد کے معمول کے درجہ حرارت سے6.2 ڈگری زیادہ رہا۔