بغاوت چھوڑیں اور ٹویٹ ڈیلیٹ کر کے مذاکرات کریں وفاقی وزیر کی پی ٹی آئی کو پیشکش

سنی اتحاد کونسل کے دوستوں کو کبھی دشمن نہیں کہا، پاکستان میں استحکام کیلیے سیاست بہت اہم ہے، مصدق ملک


June 01, 2024
فوٹو فائل

حکومت نے ایک پار پھر پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی معاملات اور مسائل حل کرنے کے لیے مذاکرات کی پیش کش کردی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیش کش کی اور کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے، پی ٹی آئی نے سیاست کو بدنام کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ بغاوت کو چھوڑیں، تناوٴ تو کم کریں، ٹوئٹ تو ڈیلیٹ کریں، ہم کہتے ہیں بات کریں، وہ کہتے ہیں تم سے بات نہیں کریں گے۔

مصدق ملک نے کہا کہ ہم سے بات نہیں کریں گے تو کیا دیواروں سے بات کریں گے، آپ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں؟ یا امریکا سے کرنا چاہتے ہیں؟ ہم کسی کو غدار نہیں کہہ رہے، ہم ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے دوستوں کو کبھی دشمن نہیں کہا، پاکستان میں استحکام کیلیے سیاست بہت اہم ہے، مسائل کا حل ڈائیلاگ ہے، مگر دوسری طرف سے قبر تک پیچھا کرنے کی بات کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ رؤف حسن پر حملہ غیر مناسب ہے، واقعے کی تحقیق ہونی چاہیے، حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا تھا ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو آگے لے کر جائیں، ایک پارٹی کے علاوہ ہم سب کے ساتھ سیاست کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے 3 بڑے اہداف میں سب سے بڑا اور پہلا ہدف مہنگائی کم کرنا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ ہر وزارت کو غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، مشکلات کے باوجود ترقی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں، ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، پیٹرول کی قیمت کم ہو تو مہنگائی کم ہوگی، مہنگائی کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 37 فیصد سے کم ہو کر 17فیصد پر آگئی ہے، کرنٹ اکاوٴنٹ خسارہ کم ہوا ہے، بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کے لیے تیار ہیں۔ سینیٹر مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ معیشت کو آگے بڑھانے کی بات کی، ہم تو میثاق معیشت کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارے اور سیاسی جماعت کو ساتھ لیکر چلنے کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو کہا کہ آپ حکومت بنائیں، ہم اپوزیشن میں بیٹھتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ کن سے بات کرنا چاہتے ہیں، کہتے ہیں امریکا نے سازش کی، یہ تو امریکا سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوا ہے، ٹیکس وصولی 30 فیصد بڑھی ہے، بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کیلیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبیکی ٹنل میں دوسری بار خرابی ہوئی، جس کی انکوائری شروع ہوچکی ہے، اتنے مہنگے منصوبے پر دوسری بار ایسا کیوں ہو رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں