تجربہ کار وکٹ کیپر نہ ہونے سے ٹیم کی پلاننگ متاثر

اگر پیچھے کھڑا شخص ہی کیچز چھوڑنے لگے تو کپتان کو کیا بتائے گا ؟راشد

اعظم کی جگہ آل راؤنڈر کھلائیں (رمیز) بابر نمبر3 پر بیٹنگ کریں، شعیب ملک۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

تجربہ کار وکٹ کیپر نہ ہونے سے ٹیم کی پلاننگ بھی متاثر ہونے لگی۔

ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ قومی ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ وکٹ کیپر اعظم خان کا ہے، میرا مشورہ ہے کہ وکٹ کیپنگ سینئر کھلاڑی سے کروائی جائے جو گیم کو وکٹوں کے پیچھے سے دیکھے، رضوان گذشتہ 4 سال سے یہ کردار ادا کررہے تھے، آپ نے انھیں ہی ہٹا دیا، کسی بھی کپتان کو سب سے زیادہ ضرورت وکٹ کیپر کی معاونت کی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اور معین خان ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں میچ کو وکٹوں کے پیچھے سے دیکھتے تھے لیکن اگر پیچھے کھڑا شخص ہی کیچز چھوڑنے لگے تو وہ اپنے کپتان کو کیا بتائے گا ؟ کوئی بھی کھیل چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا، اگر اس میں رابطے کا فقدان ہے تو آپ کیسے کھیلیں گے؟ پہلے اوپنرز کی جوڑی توڑی، پھر محمد رضوان سے وکٹ کیپنگ لے لی گئی، اسپنرز میں تبدیلی کی گئی، ہم ٹیم کو ہارتے ہوئے ہی دیکھ رہے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: '' جو ملک کیلئے 10 کلو وزن کم نہیں کرسکتا، وہ انٹرنیشنل میں نہیں چل سکتا ''

سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ محمد رضوان اور بابر اعظم کا بطور اوپنر آنا خوش آئند ہے لیکن وکٹ کیپنگ بھی رضوان سے کرائی جائے، اعظم خان کو ٹیم سے نکال کر آل راؤنڈر کھلایا جائے۔

سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ بابراعظم ورلڈکپ میں اوپننگ کرنے کے بجائے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں، ٹیم کو مڈل آرڈر میں ایسا بیٹر چاہیے جو اسٹرائیک تبدیل کر سکے،بابر اس کیلیے بہترین آپشن ہیں۔
Load Next Story