جھانوی کپور اور راج کمار راؤ کی فلم پہلے ہی دن 7 کروڑ روپوں کی کمائی

فلم 'مسٹر اینڈ مسز ماہی' کے ہدایت کار شرن شرما ہیں

جھانوی اور راج کمار راؤ کی فلم 'مسٹر اینڈ مسز ماہی' کے ہدایت کار شرن شرما ہیں ، فوٹو: فائل

ماضی کی مقبول ترین ہیروئن سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور ابھرتے ہوئے اداکار راج کمار راؤ کی فلم 'مسٹر اینڈ مسز ماہی' نے باکس آفس پر 6.85 کروڑ روپے کے ساتھ اوپننگ کی۔

شرن شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'مسٹر اینڈ مسز ماہی' 31 مئی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور اگلے چوبیس گھنٹوں میں یہ رومانوی فلم 6.85 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی تھی۔

انڈسٹری ٹریکنگ سائٹ کے مطابق 'مسٹر اینڈ مسز ماہی' کے پونے ساتھ کروڑ کے بزنس میں سے ہندی سینما میں اس کا حصہ مجموعی طور پر 56.15 فیصد تھا جب کہ بقیہ دیگر زبانوں میں تھا۔

فلمساز کرن جوہر نے اس فلم کے بارے میں کہا تھا کہ ''کچھ فلمیں صرف کہانیاں نہیں ہوتی ہیں، وہ سیلولائڈ کی محبت سے کہیں زیادہ ہوتی ہیں۔ وہ ناظرین سے ان کے خوابوں کے بارے میں بات کرتی ہیں۔


راج کمار راؤ نے اس فلم میں ایک ناکام کرکٹر کا کردار ادا کیا جب کہ ان کی بیوی جھانوی ایک ڈاکٹر ہوتی ہیں لیکن کرکٹ اچھی کھیل سکتی ہیں۔

ناکام کرکٹر راج کمار راؤ نے جھانوی سے ڈاکٹری کے شعبے کو خیرباد کہہ کر کرکٹر بننے کی حوصلہ افزائی اور یہی کہانی کا ایک دلچسپ موڑ ہے جہاں سے والدین کی مخالفت اور بچوں کے اپنے پسند کے شعبے میں کچھ کر دکھانے کی جنگ شروع ہوتی ہے۔

فلم 'مسٹر اینڈ مسز ماہی' کا پہلا ہاف طویل اور سست ہوتا ہے جس کی وجہ پلاٹ کی تعمیر پر توجہ مرکوز رکھنا ہے۔ جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح نوجوان جوڑے نے والدین کے خوابوں اور امیدوں پر کرکٹ کے اپنے جنون کا انتخاب کیا۔

خیال رہے کہ جھانوی کپور اور راج کمار راؤ اس سے قبل ایک اور فلم میں بھی ایک ساتھ اداکاری کرچکے ہیں اور اس جوڑی کو فلم بینوں نے کافی پسند بھی کیا تھا۔
Load Next Story