ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد سے کروڑوں کا سامان چوری 2 ملزمان گرفتار

تقریباً 5 کروڑ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی شامل


ویب ڈیسک June 02, 2024
(فوٹو : فائل)

راولپنڈی پولیس نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کے مال خانہ سے چوری ہونے والا کروڑوں روپے مالیت کا مال مقدمہ برآمد کرکے سابقہ ایف آئی اے ملازم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ تھانہ مندرہ پولیس نے مندرہ ٹول پلازہ پر بڑی کارروائی کی ہے، جس میں ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد سی بی سی دفتر سے چوی کی گئی اشیاء پکڑ لیں جبکہ جبری برطرف شدہ ایف آئی اے اہلکار سمیت 2ملزمان بھی گرفتار کر لیے۔

تھانہ مندرہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کو ٹول پلازہ پر رکنے کا اشارہ کیا، بھاگنے پر تعاقب کرکے ایل آر بی ٹی اسپتال کے قریب پکڑ لیا گیا، گاڑی کی تلاشی لینے پر ایف آئی اے تھانہ سی بی سی دفتر سیکٹر جی 13سے چوری کیے گئے مال مقدمات کے 7 پارسلز، موبائل فونز، وائرلیس سیٹ، گاڑی کی جعلی نمبر پلیٹس، سروس کارڈز، ایئرپورٹ پر داخلہ کا عارضی پرمٹ، قومی شناختی کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز، موبائل سمز، ماسک، افغان سیٹیزن کارڈ اور ترکش کارڈ برآمد کرلیے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سعد انور اور محمد حمزہ نے اعتراف کیا کہ برآمد سامان ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز تھانہ کارپوریٹ بینکنگ سرکل سیکٹر جی 13 سے گزشتہ روز چوری کیا جس میں عبداللہ خان، مہتاب، علی اور حسن بھی انکے ساتھ شامل تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ایک ملزم ایف آئی اے سے جبری طور پر برطرف کیا گیا تھا جبکہ ملزمان کے 4 دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ایف آئی اے کے چوری ہونے والے مال مقدمات کے برآمدگی کے حوالے سے ایف آئی اے حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضہ میں لیے گئے مختلف پارسلز میں 5کروڑ سے زائد کی ملکی و غیر ملکی کرنسی موجود ہے، ملزمان کو آج عدالت پیش کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں