کراچی میں اگلے 3 روز موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے محکمہ موسمیات

پیر کو پارہ 35 سے 37 ڈگری، منگل کو 34 تا 36 ڈگری رہنے کی توقع ہے تاہم اس دوران سمندری ہوائیں فعال رہنے کی توقع ہے


ویب ڈیسک June 02, 2024
کراچی میں اتوار کو ہفتے کے مقابلے میں گرمی کم ریکارڈ کی گئی—فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں اگلے 3 روز موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران سمندری ہوائیں فعال رہنے کی توقع ہے جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں 4 جون تک گرمی میں کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابقاتوار کو شہر کا موسم گرم و مرطوب رہا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک بڑھنے کے سبب دوپہر کے وقت حدت رہی، تاہم سمندری ہوائیں فعال رہیں۔

شہر کے موسم کے حوالے سے بتایا گیا کہ شہر کا درجہ حرارت گزشتہ روزکے مقابلے میں 2.9 ڈگری کمی سے 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔

ہیٹ ویو الرٹ سینٹر کے مطابق کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے، پیر کو پارہ 35 سے 37 ڈگری، منگل کو 34 تا 36 ڈگری رہنے کی توقع ہے تاہم اس دوران سمندری ہوائیں فعال رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں 4 جون تک گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔

سندھ کے دیگر شہروں دادو، قمبرشہدادکوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، نوشہروفیروز اور شہید بے نظیرآباد میں پارہ 45 سے47 ڈگری، سانگھڑ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمد خان، میرپورخاص اور عمر کوٹ میں 42 تا 44 ڈگری، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں درجہ حرارت 38 تا 40 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

اتوار کو دیہی سندھ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 46.5 ڈگری ریکارڈ ہوا، جو جون کے مہینے کے معمول کے درجہ حرارت سے 2.2 ڈگری زیادہ رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں