دنیا کی سب سے بھاری موٹرسائیکل
دونوں بھائی موٹرسائیکلوں میں استعمال ہونے والے پرزے تلاش کر رہے تھے کہ تبھی ان کی نظر ایک سوویت ٹینک کے انجن پر پڑی
جرمنی میں دو بھائیوں نے دنیا کی سب سے بھاری موٹر سائیکل بنائی ہے جس کا نام انہوں نے Panzerbike رکھا ہے۔
ٹیلو اور ولفریڈ نیبل جرمنی کے علاقے زلی میں ہارزر بائیک نامی موٹر سائیکل کی دکان کے مالک ہیں جہاں وہ مختلف ڈیزائن کی حامل موٹرسائکلز تیار کرتے رہے ہیں۔
دونوں بھائیوں کی ہمیشہ سے یہ رائے رہی ہے کہ پرانے سامان کو ضائع نہیں کرنا چاہیے اور اسے مختلف مقاصد میں دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایسے ہی پرانے اور قابل استعمال سامان کو ڈھونڈنے کیلئے وہ جرمنی کے ایک قصبے ہالبرسٹڈ میں آئے جہاں ریڈ آرمی کی سابقہ بیرکوں کو مسمار کیا گیا تھا۔
وہ موٹرسائیکلوں میں استعمال کرنے کے لیے پرزے تلاش کر رہے تھے کہ جبھی ان کی نظر T-55 نامی سوویت ٹینک کے انجن پر پڑی جو کافی حد تک صحیح سالم تھا۔
یہ انجن انہیں اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اسے فوراً خرید لیا اور ایک بائیک میں نصب کرکے اسے چالو کردیا۔ موٹرسائیکل کو انہوں نے پینزر بائیک کا نام دیا۔
پینزربائیک 5 ٹن کے سوویت ٹینک انجن سے چلنے والی موٹرسائیکل ہے اور اب تک دنیا کی سب سے بھاری موٹرسائیکل کا اعزاز رکھتی ہے۔