بجلی اور پانی کی بندش سے پریشان شہری سڑکوں پر نکل آئے

گلبہار، ناظم آباد، گولیماراور گلستان جوہر میں بجلی اور پانی کی بندش سے پریشان مکینوں کا شدید احتجاج

5 دن سے بجلی نہیں، پانی کئی ہفتوں سے بند ہے،ٹینکر مافیا مہنگا پانی فروخت کررہے ہیں،خواتین، مکینوں کی کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی ۔ فوٹو : آن لائن

ناظم آباد ،گولیمار اور گلستان جوہر میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے سڑک بند کرکے ٹائر نذر آتش کیے ۔

جس کے باعث سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، تفصیلات کے مطابق گلبہار کے علاقے ناظم آباد گولیمار اور گلبہار میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے گولیمار چورنگی پر جمع ہو گئی جہاں مظاہرین نے مرکزی سڑکیں بند کر کے احتجاج شروع کر دیا۔


مظاہرین میں خواتین اور بچوں کے علاوہ بزرگوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، مشتعل مظاہرین نے سڑک پر جگہ جگہ ٹائر جلائے جس کے باعث ناظم آباد چورنگی سے پاک کالونی ، لیاقت آباد ، پٹیل پاڑ ہ اور نارتھ ناظم آباد جانے والا ٹریفک معطل ہوگیا جبکہ چورنگی سے متصل گلیوں میں بھی ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے سبب علاقے میں پانی کی فراہمی بھی معطل ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

جبکہ علاقے میں ٹینکر مافیا من مانی قیمت پر پانی فروخت کر رہے ہیں، مظاہرے میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 دن سے علاقے میں بجلی نہیں ہے جبکہ پانی تو کئی ہفتوں سے نہیں آرہا ہے ایسا لگتا ہے کہ موجودہ حکومت بھارت کی ہے اور وہ مسلمانوں سے اپنا بدلہ لے رہی ہے ۔

خواتین کا کہنا تھا کہ حکومت ہم پر ایٹم بم چلاکر ایک ہی دفعہ مار دے موت اس اذیت سے بہتر ہوگی، احتجاج کا سلسلہ3 گھنٹے سے زائد جاری رہا، رضویہ پولیس نے مظاہرین کو ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا، گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب بجلی اور پانی کی بندش پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ہے مشتعل مظاہرین کے احتجاج کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور ٹریفک جام ہوگیا، شہری بجلی کی بحالی اور کے الیکٹرک کے خلاف نعرے لگارہے تھے پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو مذاکرات کے بعد جلد بجلی کی بحالی کی یقین دہانی پر منتشر کردیا۔
Load Next Story