وزیراعظم کی کرپشن پر پاک پی ڈبلیو ڈی کو فوری ختم کرنے کی ہدایت

ایسے جاری ترقیاتی منصوبے جو پاک پی ڈبلیوڈی کے حوالےکیے گئے ہیں ان کیلیے متبادل لائحہ عمل تیار کیا جائے، شہباز شریف

(فوٹو: فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو ناقص کارکردگی اور کرپشن پر فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اخراجات اور حکومتی ڈھانچے کا حجم کم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے مسلسل ناقص کارکردگی اور کرپشن پر پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی بطور ادارہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے جاری ترقیاتی منصوبے جن کا کام پاک پی ڈبلیو کے حوالے کیا گیا ہے ان کے لیے متبادل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔


دوران اجلاس حکومتی اخراجات کم کرنے کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی صدارت میں بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کچھ سرکاری اداروں کو ختم اور کچھ کو ضم کرنے کی سفارش کی جس پر وزیراعظم نے کمیٹی کو مزید سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ موجود تھے۔

اجلاس میں مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔
Load Next Story