لاہور میں آندھی کے ساتھ بارش درخت گرنے سے دو شہری زخمی 322 فیڈرز ٹرپ

لبرٹی گول چکر پر دو موٹر سائیکل سوار درخت تلے دب کر زخمی ہوئے، ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا


June 03, 2024
فوٹو فائل

لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران درخت گرنے کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار زخمی جبکہ لیسکو 322 فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں بارش اور تیز ہوا کے باعث لبرٹی گول چکر پر درخت گر گیا جس کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار دب کر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، اُدھر ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے درخت گرنے اور دو شہریوں کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس اسپتال کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو جائے وقوعہ پہنچنے اور ریسکیو کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

رافعہ حیدر نے اپیل کی کہ بارش اور تیز ہوا کے دوران شہری بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں جبکہ دیواروں اور درختوں کے نیچے سے گزرنے سے بھی احتیاط کریں۔

اُدھر بارش کے بعد لیسکو کا ڈسٹری بیوشن سسٹم شدید متاثر ہوا اور 322 فیڈرز ٹرپ ہوگئے جس کے باعث لاہور سمیت متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ لیسکو حکام کے مطابق لاہور میں 227، قصور ننکانہ صاحب، اوکاڑہ اور شیخوپورہ میں 95 فیڈرز بند ہوئے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔