افغانوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کا اجرا ایف آئی اے نے نادرا اہلکاروں کی تفصیل مانگ لی
افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کے حوالے سے ایف آئی اے نے نادرا اہلکاروں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے نادرا سے جاری 6 پاکستانی شناختی کارڈز کی تفصیلات مانگ لیں۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل سے جاری مراسلے میں تفصیلات اور متعلقہ ریکارڈ فراہمی کا کہا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق 6شناختی کارڈز مبینہ طور پر غیر ملکیوں کو جاری کیے گئے ہیں۔ شناختی کارڈز پراسیس کرنے والے اہلکاروں کے نام، سسٹم لاگ ان کی سرکاری تفصیلات سمیت فارم کے تصدیق کنندہ کی تفصلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
طلب کردہ تفصیلات میں ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار زرداد نامی افغان شہری کو محب اللہ کے نام سے جاری شناختی کارڈ بھی شامل ہے۔ محب اللہ کی مبینہ ماں امیراں بی بی سمیت 4 دیگر شناختی کارڈز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں ۔ افغان شہری زرداد کو محب اللہ کے نام سے شناختی کارڈ اجرا کے لیے مبینہ طور پر امیراں بی بی کے خاندان میں شامل کیا گیا۔ نادرا کو ارسال مراسلے میں ریجنل ہیڈکوارٹرز نادرا کے ڈائریکٹر آپریشنز کو بھی درکار ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔