کراچی مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے 4 ڈاکو مارے گئے 8 گرفتار

کورنگی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل شہری کے اہل خانہ نے گرفتار ڈاکوؤں سے متعلق پولیس کا دعویٰ غلط قرار دے دیا


Staff Reporter June 04, 2024
(فوٹو: فائل)

نیوکراچی انڈسٹریل ایریا ، میمن گوٹھ ، زمان ٹاؤن ، شریف آباد ، عیدگاہ اور شارع فیصل پولیس نے مقابلوں میں 4 ڈاکوؤں کو ہلاک اور 4 زخمیوں سمیت 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد کر لیا ۔


ترجمان کراچی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زمان ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں ہلاک و زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں نے شہری عبد الباسط کو لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا ، جب کہ مقتول کے ورثا نے پولیس کے دعوے کو غلط قرار دیا ہے ۔


زمان ٹاؤن پولیس کے پیر اور منگل کی درمیانی شب کورنگی امن ٹاور کے قریب مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جب کہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ہلاک و زخمی ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہلاک ملزم کی شناخت ارشد اور زخمی کی شناخت یاسین چانڈیو ولد بابو چانڈیو کے نام سے کی گئی ۔ ہلاک و زخمی حالت میں گرفتار ملزمان سے 2 پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون برآمد کیا گیا ۔


پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ دونوں ملزمان نے پیر کی شب کورنگی ناصر جمپ کے قریب عبد الباسط نامی شخص کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔ زمان ٹاؤن پولیس دونوں ملزمان کے پیچھے لگی ہوئی تھی۔ دوسری جانب مقتول عبد الباسط کے بھائی اور اس کے دیگر رشتے داروں نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ دونوں ملزمان کا عبد الباسط کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ عبد الباسط کے قتل کے وہ عینی شاہد ہیں اور ملزمان کے سامنے آنے پر وہ شناخت کرسکتے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ ان دنوں ملزمان کو انہوں نے اسپتال میں دیکھا ہے یہ وہ نہیں ہیں ۔ مذکورہ دونوں ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ ایک شہری نے پہلے فائرنگ کر کے ایک ڈاکو کو زخمی کیا بعدازاں عوام نے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسی دوران پولیس موقع پر پہنچی اور ڈاکوؤں کو عوام سے چھڑا کر تھانے لے گئی اور پھر واقعے کو پولیس مقابلہ ظاہر کر دیا۔


اُدھر نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب سیکٹر 6/B صبا چورنگی کے قریب سے مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اسد اللہ ولد رانا محمد اسلم کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام ذیشان خان عرف شانی ولد رستم خان بتایا ۔


گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ گرفتار ملزمان سے ایک نائن ایم ایم اور ایک 30 بور پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز 3 پرس ، نقدی اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں ۔ برآمد کی جانے والی ایک موٹرسائیکل ایپلائڈ فار رجسٹریشن والی اور دوسری موٹرسائیکل کا نمبر KJQ-0524 ہے ۔گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ۔


دریں اثنا میمن گوٹھ پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب ملیر میمن گوٹھ بینگن گولائی کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو جناح اسپتال منتقل کیے گئے، جہاں اس کی شناخت 24 سالہ تنویر شاہ ولد احمد شاہ کے نام سے کی گئی ۔ گرفتار ملزم کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔


شریف آباد پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب ایف سی ایریا جمعرات بازار ٹنکی گراؤنڈ کے قریب مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا جب کہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے 30 سالہ ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی ، جب کہ اس سے ایک 30 بور پستول بمعہ گولیاں ، چھینے گئے موبائل فون اور نقدی سے بھرا پرس برآمد کر لیا گیا ۔


عیدگاہ پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب رنچھوڑ لائن عباسی چوک کے قریب مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ گشت پر موجود اہلکاروں کا ڈکیتوں سے مقابلہ ہوا ، مارے گئے ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔


شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب مقابلے کے بعد 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد علی ، عظیم اور عبدالرزاق شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سے 3 پستول ، موبائل فونز ، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔ گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔


شارع فیصل پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب گلستان جوہر بلاک 19 سے مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 22 سالہ اعجاز ولد امجد اور 30 سالہ امجد ولد رحمت علی کے ناموں سے کی گئی ۔ گرفتار ملزمان سے 2 پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں