بھارتی الیکشن میں مودی کی برتری کو بڑا دھچکا اسٹاک مارکیٹ کریش

بھارتی اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 4378 پوائنٹس سے گر کر 4 برس کی کم ترین سطح 72 ہزار پوائنٹس پر آگیا


ویب ڈیسک June 04, 2024
بھارتی لوک سبھا انتخابات 2024؛ مودی کی جماعت کو بڑا دھچکا

بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں اتحادی جماعت انڈیا ڈیولپمنٹ انکلیوسیو الائنس (I.N.D.I.A) مودی کی اتحادی جماعت کے مقابلے میں غیر متوقع طور پر حیران کن کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں ایوان زریں کے ہونے والے انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان انتخابات میں دو بڑے سیاسی اتحادوں نے حصہ لیا تھا۔

حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی حسب سابق نیشنل ڈیموکریٹک الاؤنس کے انتخابی پلیٹ فارم سے میدان میں اتری جب کہ 37 اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد (I.N.D.I.A) کی قیادت کانگریس نے کی۔

خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 نشستیں حاصل کرنے والی جماعت حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔

ابتدائی نتائج کے مطابق کانگریس کی زیر قیادت انتخابی اتحاد (I.N.D.I.A) نے حیران کن طور پر کامیابی حاصل کی ہے اور مودی کے انتخابی اتحاد کے مقابلے میں اب تک 232 نشستوں پر میدان مارلیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ الیکشن 2019 میں کانگریس اور اتحادی جماعتوں نے صرف 91 نشستوں پر ہی کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب اب تک حاصل ہونے والے نتئاج کے مطابق مودی کا انتخابی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس محض 292 نشتیں ہی حاصل کر پایا جب کہ ان کا دعویٰ 400 سے زائد نشستیں حاصل کرنے کا تھا۔

گزشتہ الیکشن میں مودی اور ان کی اتحادی جماعتوں نے 352 نشستیں حاصل کرکے لینڈ سلائیڈنگ فتح حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ حالیہ انتخابات کے مراحل مکمل ہونے کے بعد ایگزٹ پولز میں مودی کے اتحاد این ڈی اے کی بڑی کامیابی کی پیشگوئی کی گئی تھی لیکن اب تک موصول ہونے نتائج اس کی نفی کرتے ہیں۔

مودی کی جماعت کی نشستوں میں کمی اور اپوزیشن کی حیران کن کامیابی پر بھارتی اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی۔ انڈیکس 4378 پوائنٹس سے گر کر 72 ہزار پوائنٹس پر آگیا۔ یہ گزشتہ 4 برسوں میں سب سے بڑی کمی ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں