دبئی میں دو جدید تعمیراتی منصوبوں کا اعلان
ان منصوبوں پر آنے والی لاگت کا تخمینہ تقریباً 355 ملین درہم لگایا گیا ہے
دبئی کی حکومت نے مستقبل قریب میں دو جدید تعمیراتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے جس میں الممزار کے علاقے میں پہلا تیرتا ہوا پیدل مسافروں کیلئے پُل اور دیرہ میں ساتوں دن اور 24 گھنٹوں تک فعال رہنے والا خوبصورت ساحل شامل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے ان منصوبوں پر آنے والی لاگت کا تخمینہ تقریباً 355 ملین درہم لگایا گیا ہے جس کا مقصد الممزار اور جمیرہ 1 کے ساحلوں کو اور جدید طرز پر بنایا جائے۔
دبئی کی اعلیٰ کمیٹی برائے شہری منصوبہ بندی اور بہبود نے پریس ریلیز میں کہا کہ یہ منصوبے 18 مہینوں میں مکمل ہوجائیں گے۔ ان تعمیرات کا رقبہ 5.7 کلومیٹر (المزار میں 4.3 کلومیٹر اور جمیرہ 1 میں 1.4 کلومیٹر) پر محیط ہوگا۔
یہ منصوبے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات پر متعارف کرائے گئے ہیں۔ جن کا مقصد دبئی کے عوامی ساحلوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ ان منصوبوں پر کام شہزادہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین کی رہنمائی اور نگرانی میں کیا جائے گا۔
کمیٹی نے مزید کہا کہ ان ساحلوں کے بنیادی ڈھانچے کو نئی شکل دینے اور ان میں اضافہ کرنے کے لیے بنیادی تبدیلیاں کی جائیں گی اور انہیں دنیا کے جدید ترین اور پرکشش ساحلوں میں شامل کیا جائے گا۔