سائفر کیس کا فیصلہ قومی رازوں سے کھیلنے کا لائسنس دینے کے مترادف ہے شرجیل میمن
عمران خان کا شیخ مجیب والا بیانیہ واضح کرتا ہے کہ وہ ملک توڑنا چاہتے ہیں، سینئر صوبائی وزیر
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے انتشار، تقسیم، اور اداروں سے نفرت کا خطرناک بیانیہ ذہنوں میں ٹھونسا جار رہا ہے، عمران خان کا شیخ مجیب والا بیانیہ واضح کرتا ہے کہ وہ ملک توڑنا چاہتے ہیں۔
ایک بیان میں سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے کبھی دارالخلافہ پر چڑھائی کی دھمکی دیتے ہیں تو کبھی ملک توڑنے کی بات کرتے ہیں، اقتدار نہ ملنے پر قومی بیانیے سے انحراف کرتے ہیں اور شیخ مجیب کو ہیرو قرار دیتے ہیں جو پاکستان کے تاریخی اور قومی بانیے سے انحراف کی تازہ مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ مشرقی پاکستان کو خنجر بنا کر ریاست کی شہ رگ پر رکھنا سنگین عمل ہے، عمران خان کا شیخ مجیب کو ہیرو قرار دینا اور عارف علوی کی توثیق ، قوم کے پرانے زخموں کو کرید کر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حصول اقتدار کے لئے پی ٹی آئی پہلے دن سے ملکی اداروں اور قومی بیانیے و مفادات کو داؤ پر لگاتی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے قومی اداروں کے خلاف مسلسل ڈجیٹل دہشتگردی کا مظاہرہ کیا، ان پر گھٹیہ الزامات عائد کئے، قومی اداروں کے خلاف مسلسل مذموم مہم چلائی گئی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ دباؤ ڈالنے کے لئے معزز جج صاحبان کو ٹاؤٹ تک کہا گیا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سائفر کیس کا فیصلہ قومی رازوں اور مفادات سے کھیلنے کا لائنسنس دینے کے مترادف ہے، ایک شخص جلسوں میں لہرا لہرا کر سائفر دکھاتا ہے، آڈیو آتی ہے کہ ہمیں اس پر کھیلنا ہے لیکن پھر اس کو رلیف بھی دیا جاتا ہے، ایسا کیوں ہے ؟