اسٹار وارز کا نایاب ترین کھلونا 5 لاکھ ڈالرز سے زائد میں نیلام
اس کھلونے نے باربی کھلونے کا بھی ریکارڈ توڑ دیا جس پر 1 کیرٹ کا ہیرا نصب تھا
مشہور زمانہ فلم سائنس فکشن فلم 'اسٹار وارز' کے ایک کردار 'بوبا فیٹ' کا انتہائی نایاب کھلونا حال ہی میں 5 لاکھ 25،000 ڈالرز میں نیلام کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 'اسٹار وارز' کے کردار 'بوبا فیٹ' کا نایاب ایکشن فیگر صرف 3.75 انچ لمبا ہے جو کہ ریکارڈ توڑ 525,000 ڈالرز کی قیمت میں نیلام ہوا ہے۔
ٹیکساس میں واقع نیلام گھر 'ہیریٹیج آکشنز' نے اعلان کیا ہے کہ اس خطیر رقم کے بعد یہ ایکشن فیگر دنیا کا سب سے قیمتی ونٹیج کھلونا بن گیا ہے۔ اس کھلونے نے باربی کھلونے کا بھی ریکارڈ توڑ دیا جس پر 1 کیرٹ کا ہیرا نصب تھا اور جو 2010 میں 302,000 ڈالرز میں نیلام ہوا تھا۔
اس ایکشن فیگر پر ہاتھ سے پینٹ کیا گیا ہے جبکہ اس کے پیچھے راکٹ فائر کرنے والا ایک سسٹم بھی ہے۔ بوبا فیٹ 1970 کی دہائی میں کینر کھلونا کمپنی کے لیے بنائے گئے صرف دو بچ جانے والے نمونوں میں سے ایک ہے۔ کچھ وجوہات کی بنا پر بوبا فیٹ کے نمونوں کو مارکیٹ میں لانے سے پہلے ہی بنانا بند کردیا گیا تھا۔
دوسرا بوبا فیٹ 1979 میں لانچ کیا گیا تھا جسے رواں سال 31 مئی کی نیلامی میں 84,375 ڈالرز میں فروخت کیا گیا ہے۔ یہ والا بوبا فیٹ اپنی اصل پیکیجنگ میں بند تھا۔