جنت مرزا کو اپنی ڈیبیو فلم فلاپ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑا سید نور

ہم نے تو فالوورز کی وجہ سے جنت مرزا کو کاسٹ کیا تھا لیکن افسوس اُن کے فالوورز فلم دیکھنے نہیں آئے، سید نور


ویب ڈیسک June 05, 2024
سید نور کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 'تیرے باجرے دی راکھی' کی میگا کاسٹ میں جنت مرزا شامل تھیں : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستان کے معروف فلمساز سید نور نے کہا ہے کہ نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کو اپنی ڈیبیو پنجابی فلم 'تیرے باجرے دی راکھی' کے فلاپ ہونے سے ذرا بھی فرق نہیں پڑا۔

فلمساز سید نور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنت مرزا میں ہیروئن بننے کا جذبہ نہیں تھا کیونکہ ٹک ٹاک پر اُن کے کروڑوں فالوورز تھے تو وہ اسی میں خوش تھیں۔

سید نور نے کہا کہ جنت مرزا کو اپنی ٹک ٹاک شہرت کی وجہ سے بالکل بھی دُکھ نہیں ہوا کہ اُن کی ڈیبیو فلاپ ہوگئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے جنت کے والدین سے کہہ دیا تھا کہ یہ میری بیٹی کی طرح ہیں تو آپ بالکل بےفکر ہوجائیں، فلم میں کوئی بھی ایسا بولڈ سین نہیں ہوگا جس سے آپ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے لہٰذا میں نے بڑے دھیان سے یہ فلم بنائی ورنہ فلموں کے لیے اداکاراؤں کو بولڈ ہونا پڑتا ہے۔

فلمساز نے کہا کہ جنت مرزا نے کام اچھا کیا لیکن بات یہ ہے کہ اُن کے فالوورز اُن کی فلم دیکھنے نہیں آئے، کروڑوں فالوورز میں سے اگر لاکھوں بھی فلم دیکھنے آتے تو فلم بہت اچھی چل جاتی۔

سید نور نے کہا کہ ٹک ٹاک اسٹارز کے فالوورز 10 سے 20 سیکنڈز کی ٹک ٹاک ویڈیوز مفت میں دیکھتے ہیں تو وہ ڈھائی گھنٹے کی فلم دیکھنے کے لیے پیسے کیوں خرچ کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ جنت مرزا شہرت اور کروڑوں فالوورز چاہتی تھیں، اُنہیں وہ مل گئے، وہ اسی سے بہت مطمئن اور خوش ہیں، یہی وجہ ہے کہ جنت کے لیے فلم بہت چھوٹی چیز ہے۔

فلمساز نے مزید کہا کہ ہم نے تو فالوورز کی وجہ سے جنت مرزا کو کاسٹ کیا تھا لیکن افسوس اُن کے فالوورز فلم دیکھنے نہیں آئے۔

واضح رہے کہ سید نور کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 'تیرے باجرے دی راکھی' سال 2022 میں ریلیز ہوئی تھی، فلم کی میگا کاسٹ میں جنت مرزا، صائمہ نور اور بابر علی شامل تھے۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں