بیلجیئم نے روس کو ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھ دیا

روسی مزاحمت کھیل کے 88ویں منٹ میں دم توڑ گئی، بیلجیم کی مسلسل دوسری کامیابی کے بعد 6 پوائنٹس ہوگئے


Sports Desk June 23, 2014
بیلجیئن فارورڈ ڈیوک اوریگی کی لگائی ہوئی کک پر گیند جال کے اندر پہنچ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

گروپ ' ایچ ' سے بیلجیئم نے روس کو 1-0 سے مات دیکر ناک آئوٹ مرحلے میں قدم رکھ دیا، روسی مزاحمت کھیل کے 88ویں منٹ میں دم توڑ گئی، فیصلہ کن گول 19 سالہ متبادل پلیئر ڈیوک اوریگی نے ساتھی پلیئر ایڈن ہیزارڈ کے شاندار پاس پر بنایا۔

تفصیلات کے مطابق گروپ ' ایچ ' سے بیلجیئم نے پری کوارٹر فائنل میں رسائی پانیو الی پہلی ٹیم کااعزاز پالیا، یورپی ٹیم نے اپنے دونوں ابتدائی میچز جیت کر مکمل چھ پوائنٹس حاصل کرلیے، ماریکانا اسٹیڈیم میں شائقین کا جوش وخروش دیدنی رہا، '' ریڈ ڈیولز'' کی عرفیت رکھنے والی ٹیم نے کھیل کے آغاز سے ہی روسی ٹیم پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا لیکن جنوبی کوریا سے ابتدائی مقابلہ 1-1 سے برابر کھیلنے والی روسی ٹیم نے اس مرتبہ بھی دفاعی انداز اپنائے رکھا، جس کا فائدہ اسے پہلے ہاف کے بغیر کسی گول کے اختتام پذیر ہونے کی صورت میں ملا۔

کھیل کے 39ویں منٹ میں روسی پلیئر گلشکوف کو ریفری نے فائول کرنے پر یلوکارڈ دکھایا، اس کے اگلے منٹ میں بیلجین فارورڈ لوکیکو کی لگائی ہوئی کک ہدف تک نہیں پہنچ پائی، اس موقع پر روس کے دفاعی کھلاڑی اگناسیوچ نے حریف پلیئرز کا حملہ ناکام بناتے ہوئے گیند کو کلیئر کیا، کھیل کے 40ویں منٹ میں بیلجیئم کے فلینی کو آف سائیڈ قرار دیاگیا،کھیل کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے نسبتاً پھرتی دکھائی، بیلجیئم کو اپنے اٹیکنگ کھیل کا صلہ88ویں منٹ میں اس وقت مل گیا جب 57ویں منٹ میں متبادل کے طور پر میدان میںاتارے جانیوالے 19 سالہ ڈیوک اوریگی نے ساتھی پلیئر ایڈن ہیزارڈ کے ملنے والے شاندار پاس کو کارآمد بناتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچادیا۔

بیلجیئم کے پلیئرز نے اپنی بلند قامت کا بھرپور فائدہ اٹھایا، انجری ٹائم میںبیلجیئم نے ایک اور بھرپور حملہ کیا لیکن اس کو روسی دفاعی کھلاڑیوں نے ناکام بناکر اپنی ٹیم کو مزید خسارے میں جانے سے بچالیا،روس کی جانب سے وکٹر فیضولین نے پنالٹی ایریا سے کک لگاکر گیند کو جال میں پہنچانا چاہا لیکن اس حملے کو بیلجین گول کیپر تھیبوٹ کورٹیس نے بروقت اقدام کرکے ناکام بنادیا، اسی طرح بیلجیئم کے اسٹرائیکر ڈرائز مارٹینز کی لگائی ہوئی ہٹ روسی گول پوسٹ کے قریب سے باہر چلی گئی۔

بیلجیئن اسٹرائیکر رومیلو لوکیکو نے میدان سے باہر بلائے جانے پر کوچ مارک ولموٹس سے ناراضی کا اظہار کیا لیکن بیلجین کوچ کا فیصلہ وقت نے درست ثابت کردکھایا کیونکہ ان کی جگہ کھیل کا حصہ بننے والے اوریگی نے فیصلہ کن گول بنایا، لوکیکو کو لگاتار دوسرے میچ میں دوران مقابلہ میدان سے باہر آنا پڑا ، جس کی وجہ ان کی حالیہ مایوس کن پرفارمنس ہے۔اوریگی ورلڈ کپ میں اسکور کرنے والے کم عمر بیلجین پلیئر بھی بن گئے جبکہ آل ٹائم نوعمر اسکورر میںان کا نمبر 7 ہوگیا، بیلجیئم کی ٹیم 2002 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ مقابلوں کا حصہ بنی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں