شوبز میں صرف خوبصورتی سے کامیابی نہیں ملتی روبینہ اشرف
نوجوانوں فنکاروں کو اپنے کردار کے حوالے سے ڈائریکٹر سے مشاورت کرنی چاہئے، اداکارہ
پاکستان کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں صرف خوبصورت نظر آنے سے کامیابی حاصل نہیں ہوتی ہے۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے نوجوان فنکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اچھا فنکار بننے کیلئے کردار کو حقیقت سے قریب تر کرنے کی صلاحیت ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ کردار کو اسکرین پر اس انداز میں پیش کرنا پڑتا ہے جس سے ناظرین بھی اس کردار کے جذبات کو اپنے دل میں محسوس کرسکیں۔
روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ نوجوان فنکاروں کو اپنے کردار کے حوالے سے ڈائریکٹر سے مشاورت کرنی چاہئے اور سینئر اداکاروں سے بھی معاونت لینی چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی فنکار کردار کو حقیقت سے قریب تر پیش نہیں کرسکتا تو اس کی انڈسٹری میں کامیابی بہت مشکل ہوتی ہے۔