کراچی میں معمولی تلخ کلامی پر گارڈ نے نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا

کراچی سیکیورٹی گارڈ نے گدھا گاڑی کھڑی کرنے پر نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا


Staff Reporter June 07, 2024
مقتول صمد کی لاش اسپتال میں پڑی ہے (فوٹو ایکسپریس ویب)

شہر قائد میں سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے عدم برداشت کا مظاہرہ کرنے کے دوسرے واقعے میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا،چند روز قبل سخی حسن موبائل مارکیٹ کے سیکیورٹی گارڈ نے ٹک ٹاکر سعد کو ویڈیو بنانے سے نہ رکنے پر گولی مار دی تھی۔

تفصیلات کےمطابق نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں قائم پٹرول پمپ کے قریب سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کچرا چننے والا 17 سالہ صمد گل شدید زخمی ہوا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لےجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او سرسید افتخار تنولی نے بتایا کہ صمد گل افغانی تھا اور اُس کا کچرے کا گودام تھا، سیکیورٹی گارڈ نےگدھا گاڑی کھڑی کرنے کو منع کیا جس پر تلخ کلامی ہوئی اور اس دوران گارڈ نے لڑکے کو فائرنگ کانشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ گارڈ کی جانب سے فائر کی گئی گولی صمد کے سینے پر لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوا اور پھر دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی گارڈ رمضان موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے سیکیورٹی کمپنی کے مینجر کو حراست میں لے لیا جبکہ گارڈ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں