سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کے دو بیٹوں سمیت 8 افراد گرفتار
پولیس نے موبائل پر لگی لائٹوں والی 5 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں
وفاقی پولیس نے شہری کا راستہ روکنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے دو بیٹوں ایک کزن سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مارگلہ پولیس نے آرچرڈ لین اسکیم مری روڈ اسلام آباد کے رہائشی شیزاز خان مدعیت میں درج مقدمے پر ایکشن لیتے ہوئے تنویر الیاس کے دو بیٹوں، کزن اور ڈرائیورز کو گرفتار کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق سردارعفیف صغیر ، سردار عمر تنویر، سردار عثمان تنویر ، سردار اسامہ تنویر اور سردار احمد تنویر اپنے 15/20 ساتھیوں کے ہمراہ جناح ایوینیو سے آگے روڈ پر گاڑیوں سے اسکٹنگ کرر ہے تھے اور راستہ بند کیا ہواتھا۔
شہری نے بتایا کہ میں نے موقع پاتے ہی گاڑی آگے نکالی تو مذکورہ افراد نے اُسے روک کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور گاڑٰ کو نقصان پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق مار گلہ پولیس نے سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس کے دو بیٹوں سردار عمر تنویر اور سردار اسامہ تنویر، ایک کزن اور پانچ دیگر افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ گاڑیاں بھی قبضہ میں لے لیں جن پر پولیس لائیٹیں بھی لگی ہوئی تھیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی رات گئے فیصل ایوینیو سے ایف 10 کی جانب جا رہا تھا کہ 20 سے 25 گاڑیوں کے قافلے نے سڑک کو بلاک کیا ہوا تھا۔