لاہور منڈیوں کے سوا دیگر مقامات پر قربانی کے جانور فروخت کرنے پر پابندی

صوبائی محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 نافذ کردی، مختص کی گئی منڈیاں پابندی سے مستثنیٰ ہیں


ویب ڈیسک June 08, 2024
(فوٹو: فائل)

صوبائی دارالحکومت میں منڈیوں کے سوا دیگر مقامات پر قربانی کے جانور فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔


ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور کی شاہراہوں اور گلی کوچوں میں قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگا دی ہے، جس کے تحت صوبائی دارالحکومت میں قربانی کے جانور فروخت کرنے کے لیے مختص کی گئی 8 مویشی منڈیوں کے سوا دیگر مقامات پر خرید و فرخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔


نوٹی فکیشن کے مطابق قربانی کے جانور صرف مختص کی گئی 8 مویشی منڈیوں میں فروخت ہوں گے۔ لاہور کی شاہراہوں اور گلی کوچوں میں قربانی کے جانور فروخت کرنے پر 20 جون تک پابندی عائد کی گئی ہے۔ دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوامی مفاد میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔


شاہ پور کانجراں، ایل ڈی اے سٹی ڈیفنس روڈ، برکی روڈ پیراگون، سگیاں روڈ، سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ، این ایف سی ملتان روڈ، رائیونڈ سندر روڈ اور نیو کنگ لین سوسائٹی میں مختص منڈیاں پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں