نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمارے کارکنوں کی لاشیں گرائیں طاہر القادری

پاکستان آگیا ہوں اب مظلوموں، مجبوروں اور شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لوں گا، قائد پاکستان عوامی تحریک

ہمارے کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، ڈاکٹر طاہر القادری۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمارے کارکنوں کی لاشیں گرائیں، وہ اپنے وعدے کے مطابق پاکستان آگئے ہیں اب مظلوموں،مجبوروں اور شہیدوں کاانتقام لیں گے۔

ڈاکٹر طاہر القادری دبئی سے نجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 612 سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے تاہم راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کے بعد ان کے طیارے کا رخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا اور طیارے نے 9 بج کر 35 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا لیکن ڈاکٹر طاہر القادری کے طیارے سے باہر آنے سے انکار پر طیارہ ایئرپورٹ پر ہی کھڑا رہا، 7 گھنٹوں تک طیارے میں رہنے کے بعد طاہر القادری نے 3 شرائط پر طیارے سے باہر آنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ ذاتی سیکیورٹی میں اپنے گھر جا ئیں گے اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی ان کے ہمراہ جائیں گے اور سیکیورٹی گارڈز کو رن وے پر آنے کی اجازت دی جائے، میڈیا کی گاڑیاں بھی میرے ساتھ جائیں گی اور بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر ماڈل ٹاون میں واقع القادریہ ہاؤس جائیں گے۔


بعد ازاں حکومت میں شامل چند شخصیات کی ثالثی کے بعد معاملہ حل کرلیا گیا اور وہ طیارے سے اتر کر خصوصی گاڑی میں سوار ہوکر جناح اسپتال پہنچے ان کے ہمراہ گورنر پنجاب چوہدری سرور اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ بھی تھے، اسپتال میں انہوں نے سانحہ لاہور کے زخمیوں کی عیادت کی اور انھیں ملک میں حقیقی انقلاب کی نوید سنائی۔

جناح اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور ظلم کے پہاڑ ڈھائے گئے، پاکستان کی 65 سال کی تاریخ میں اس ظلم کی مثال نہیں ملتی، ہمارے کارکنوں نے اپنی جانوں کانذرانہ دیا، ایسے موقع پر ہمارے ساتھ اس ملک کا میڈیا تھا جس نے ظلم کی تمام روداد دنیا کے سامنے رکھی جس پر وہ جتنا شکریہ ادا کریں وہ کم ہے۔ وہ مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم ، تحریک انصاف، شیخ رشید احمد، مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے خلاف کئے گئے ظلم پر آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق پاکستان آگئے ہیں اب ظالموں سے مظلوموں،مجبوروں اور شہیدوں کاانتقام لیں گے۔

جناح اسپتال میں کارکنوں کی عیادت کےبعد ڈاکٹر طاہرالقادری منہاج القرآن سیکریٹریٹ پہنچ گئے، منہاج القرآن سیکریٹریٹ آمد کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی جنہوں نے ڈاکٹرطاہرالقادری کا شاندار استقبال کیا اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے جبکہ کارکنان اس موقع پرحکومت مخالف نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ طاہرالقادری کی منہاج القرآن سیکریٹریٹ آمد پر علاقے کی تمام سکیورٹی ان کے کارکنان نے سنبھال رکھی تھی جبکہ علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کا کوئی اہلکار بھی موجود نہ تھا،خواتین اورمرد کارکنان کو مکمل جامع تلاشی کے بعد علاقے میں جانے کی اجازت دی جارہی تھی جبکہ کارکنوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی گاڑی کو اپنے حصار میں لے رکھا تھا اور اس دوران کسی بھی گاڑی کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
Load Next Story