حکومت کا ڈاکٹر طاہر القادری کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں پرویز رشید

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈاکٹر طاہرالقادری کے طیارے کو لاہور ایئرپورٹ پر اتارا گیا، پرویز رشید

علامہ صاحب بھی شیخ رشید اور عمران خان کی طرح عام شہری ہیں، وہ جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔ پرویز رشیدد۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت کا پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکن جہاز کے دروازوں پر قبضہ کر کے لاقانونیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جان کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت کا پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان کے طیارے کو لاہور ایئرپورٹ پر اتارا گیا، اور پھر ہیلی کاپٹر کے ذریعے سے انھیں ان کے دفتر پہنچایا جائے گا، علامہ صاحب بھی شیخ رشید اور عمران خان کی طرح عام شہری ہیں، وہ جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔


پرویز رشید نے کہا کہ سول ایوی ایشن حکام نے حکومت کو ان خدشات سے آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے باہر بے قابو ہجوم موجود ہے، اتنے بڑے ہجوم میں کوئی دہشت گرد بھی شامل ہو کر ان کو نقصان پہنچا سکتا تھا اس لئے جہاز کا رخ لاہور کی جانب موڑا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قادری صاحب کے ہجوم نے اسلام آباد میں تور پھوڑ کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے جوابی کارروائی کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب کور کمانڈر سطح کے افسران سے مذاکرات کے حوالے سے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اگر علامہ صاحب حکومت سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو مت کریں لیکن سول انتظامیہ موجود ہے ان سے مذاکرات کئے جا سکتے ہیں، آئین میں فوج کے سیاسی کردار کا کہیں بھی ذکر موجود نہیں ہے، فوج نہ تو سیاسی معاملات میں دخل اندازی کرتی ہے اور نہ ہی طاہر القادری کا یہ مطالبہ جائز ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا طیارہ دبئی سے اسلام پہنچا تو اس کا رخ بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا اور طیارے نے 9 بج کر 35 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تاہم ڈاکٹر طاہر القادری نے طیارے سے باہجر آنے سے انکار کر دیا۔
Load Next Story