براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 2 ماہ میں67 فیصد گر گئی

جولائی اگست کے دوران ایف ڈی آئی کی مالیت 3 کروڑ30 لاکھ،پورٹ فولیو انویسٹمنٹ 7 کروڑ47 لاکھ ڈالررہی،۔۔۔


Business Reporter September 21, 2012
فارن پبلک انویسٹمنٹ 12 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 6 لاکھ ڈالر رہی۔ فوٹو : اے ایف پی

رواں مالی سال کے پہلے 2ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان رہا۔

2 ماہ کے دوران مجموعی سرمایہ کاری 5کروڑ55 لاکھ ڈالر اضافے سے 10کروڑ83 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اگست 2013کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 3کروڑ30لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 9 کروڑ90لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی اس طرح 2 ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 6کروڑ62 لاکھ ڈالر (66.8 فیصد) کم رہی۔

ان 2 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا انفلو 17کروڑ37 لاکھ ڈالر اور آئوٹ فلو 14کروڑ7 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا انفلو 29کروڑ76 لاکھ ڈالر اور آئوٹ فلو 19کروڑ85 لاکھ ڈالر رہا تھی۔ گزشتہ 2 ماہ کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری کی مالیت 7کروڑ47 لاکھ ڈالر رہی۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 4کروڑ76 لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری نکال لی گئی تھی، مجموعی نجی سرمایہ کاری (بشمول پورٹ فولیو اور براہ راست سرمایہ کاری) کی مالیت 10 کروڑ 77 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ مالیت 5کروڑ 16 لاکھ ڈالر تھی۔

فارن پبلک انویسٹمنٹ 12 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 6 لاکھ ڈالر رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق اگست کے مہینے میں مجموعی نجی سرمایہ کاری 3 کروڑ 69 لاکھ ڈالر، براہ راست سرمایہ کاری منفی 91 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری 4کروڑ 59 لاکھ ڈالر رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔