کھلاڑی بھارت کیخلاف میچ کی تیاری کے بجائے بھوکوں کی طرح شاپنگ کرتے رہے

مشی خان ورلڈکپ میں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم پر برس پڑیں

بھارت کیخلاف شکست کے بعد مشی خان نے قومی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا : فوٹو : ویب ڈیسک

ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان آئی سی سی ٹی ٹوئںٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شکست کے بعد قومی ٹیم پر برس پڑیں۔

سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر مشی خان کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ نے کہا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آرہا کہ پاکستانی ٹیم کی سیلیکشن کس نے کی ہے، سب سے پہلے ہماری ٹیم امریکا کی چھوٹی ٹیم سے میچ ہار گئی اور اُس کے بعد بھارت کے خلاف میچ کے لیے کوئی لائحہ عمل بنانے کے بجائے ہمارے کرکٹرز بھوکوں کی طرح نیویارک کی سڑکوں پر شاپنگ کرنے نکل گئے۔

مشی خان نے کہا کہ امریکا سے شکست کے بعد، ہماری ٹیم کو کمرے میں بیٹھ کر اپنی غلطیوں کو درست کرنے کی طرف توجہ دینی چاہیے تھی، اپنی فٹنس پر دھیان دیتے، بھارت کے خلاف میچ میں جیت کے لیے تیاری کرتے لیکن ہمارے کرکٹرز سیر سپاٹوں کے لیے نکل گئے، انہیں شرم آنی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں اتنا کم ہدف تھا لیکن ہماری ٹیم ٹُک ٹُک کرتی رہی، ہمارے بیٹسمین ایسے کھیل رہے تھے کہ جیسے ان کی نیندیں پوری نہیں ہوئیں، ان سے اچھا تو گلی محلے کے کرکٹرز کھیل لیتے ہیں، ان سے اتنا کم ہدف پورا نہیں ہوسکا۔

انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کس طرح کی ٹیم لیکر گئے ہیں، آپ نے پورے ملک کی بےعزتی کروا دی ہے۔

مشی خان نے کہا کہ ہمارے کرکٹرز کروڑوں روپے اشتہارات سے کماتے ہیں، یہ پرفارم کچھ نہیں کرتے لیکن اس کے باوجود انہیں اسپونسر کیا جاتا ہے جبکہ دیگر کھیلوں کے کھلاڑی جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں، انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔

اداکارہ نے قومی ٹیم سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ آپ سب کو شرم آنی چاہیے کہ آپ اتنا چھوٹا ہدف پورا نہیں کرسکے، پورے میچ میں ٹُک ٹُک کرتے رہے، آپ تمام کرکٹرز اپنی نیندیں پوری کرو، اپنی فٹنس پر توجہ دو اور بھوکوں کی طرح شاپنگ پر نہیں نکل جایا کرو۔








View this post on Instagram


A post shared by Behtareen.pk (@behtareenpk)






واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 120 رنز کا ہدف دیا تھا مگر پاکستانی ٹیم بھارت کے آسان ہدف کے تعاقب میں بھی ناکام رہی۔
Load Next Story