کارکنوں نے خونی انقلاب کی بنیاد رکھ دی اب شریف برادارن کیساتھ جنگ ہوگی طاہرالقادری

نوازشریف اور شہبازشریف نے انقلاب کا سفر آسان کردیا ہے اب حکمرانوں کے جیل جانے کا وقت ہے،سربراہ عوامی تحریک

حکمران مجھے گولیوں سے چھلنی تو کرسکتے ہیں مگر انقلاب کو نہیں روک سکتے ،ڈاکٹر طاہرالقادری، فوٹو؛فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کارکنوں نے خون دے کر انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے اب نوازشریف اور شہبازشریف کے ساتھ جنگ ہوگی یا تو حکمران نہیں رہیں گے یا میں نہیں رہوں گا۔

لاہور میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں نے اپنا خون دے کر انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے اب قوم کی باری ہے وہ تیار رہے انقلاب ان کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف سے بڑا ظالم نہیں دیکھا، بہت جلد عوام اس حکومت کا تختہ الٹیں گے، حکمران جیل میں ہوں گے اور ان سے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا، اپنی ذات کو اہمیت دینے اور جائیدادیں بنانے والے انقلاب نہیں لاسکتے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھاکہ انقلاب کی کمان اپنے ہاتھ میں رکھوں گااور قوم کا مقدر بدلنے کے لئے وہ جنگ لڑوں گا جس سے پاکستان دنیا کا عظیم ملک بن جائے، اب نوازشریف اور شہبازشریف کے ساتھ جنگ ہوگی یا تو حکمران نہیں ہوں گے یا میں نہیں ہوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے لوٹی جائیدادیں واپس لیں گے انہیں ملک سے باہر نہیں بھاگنے دیا جائےگا اب وہ احتساب ہوگا جو 65 سال میں کسی نے نہیں دیکھا اور اس انقلاب کے نتیجے میں نظام بدلے گا جس کے بعد میں خود ملک میں شفاف الیکشن کراؤں گا۔


پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ کارکنوں نے میرے گھر کے سامنے ریاستی دہشت گردی کا سامنا کیا،لاہور میں حکومتی دہشت گردی کی کوئی مثال نہیں ملتی، حکمران اتنا ظلم کریں جتنا خود اس کا بدلہ دے سکیں اب خون شہادت کے ایک ایک قطرے تک انتقام لیا جائے گا، حکومت کی جانب سےروکنےکی بھر پور کوششوں کےباوجودکارکنان کےدرمیان موجودہوں،ملک کا مقدر بدلنے کے لئے میدان میں نکلا ہوں اور اپنا سب کچھ چھوڑ کا اس ملک کے لئے جنگ لڑنے آیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جلد ہی انقلاب کی کال کے لئے تاریخ کا اعلان کروں گا اب حکمران مجھے گولیوں سے چھلنی تو کرسکتے ہیں مگر انقلاب کو نہیں روک سکتے۔

ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ میرے طیارے کا رخ موڑ کر دہشت گردانہ اقدام کیا گیا،نوازشریف اور شہبازشریف نے انقلاب کا سفر آسان کردیا ہے اب حکمرانوں کے جیل جانے کا وقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں ساتھ دینے پر میڈیا پر فخر ہے جبکہ اس انقلاب کی کوریج پر بھی تمام میڈیا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری گزشتہ روز صبح کینیڈا سے پاکستان پہنچے جہاں انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنا تھا تاہم حکومت کی جانب سے ان کے طیارے کا رخ موڑ کر اسے لاہور ایئرپورٹ پر اتارا گیا جس کے بعد طاہرالقادری نے احتجاجاً طیارے سے باہر آنے سے انکار کردیا اور پنجاب حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فوج کی سیکیورٹی میں باہر آنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم طاہر القادری اور حکومت کے درمیان 7 گھنٹوں تک مذاکرات جاری رہے جس کےبعد انہوں نے چند حکومتی شخصیات کی ثالثی پر گورنر پنجاب کے ساتھ طیارے سے باہر آنے پر رضامندی ظاہر کی۔ طاہر القادری لاہورایئرپورٹ سے سخت سکیورٹی میں جناح اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے سانحہ لاہور میں زخمی ہونےوالے کارکنوں کی عیادت کی۔
Load Next Story