کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار میں کمی کردی رات میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ معمول بن گئی

محمود آباد، کھارادر سمیت شہر کے بیشتر علاقوںمیں 10سے 12گھنٹے کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہونے لگی


Staff Reporter June 24, 2014
بن قاسم تھرمل اور نجی بجلی گھروں سے ان کی مجموعی استعداد سے انتہائی کم بجلی حاصل کی جارہی ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

'کے الیکٹرک' نے گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود شہر بھر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے بجائے ایک مرتبہ پھر بجلی کی پیداوار کم کردی ہے۔

بن قاسم تھرمل اور نجی بجلی گھروں سے ان کی مجموعی استعداد سے انتہائی کم بجلی حاصل کی جارہی ہے، شہر کے کئی علاقوں میں رات 12 بجے کے بعد 3سے 4 گھنٹے کیلیے بجلی کی فراہمی میں تعطل معمول بن چکا ہے، رہائشی علاقوں کے علاوہ تجارتی مراکز اور واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پربجلی کے طویل تعطل سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، شہر کے رہائشی وتجارتی علاقوں میں یومیہ 10 تا 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

شہر کے اہم تجارتی مراکز بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہائوس، بوتل گلی ،رنچھوڑلائن ،جامعہ کلاتھ ،زینب مارکیٹ ،مدینہ مارکیٹ ،دی سینٹر، بوہری بازار، سولجز بازار،حیدری مارکیٹ، کریم آباد مارکیٹ، لیاقت آباد سپر مارکیٹ ،طارق روڈ ،بہادر آباد ،سمامہ شاپنگ سینٹر ، ہارون شاپنگ سینٹر،واٹر پمپ مارکیٹ، شمع شاپنگ سینٹر سمیت اہم مارکیٹوں میں بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈ شیدنگ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں، مختلف علاقوں لیاری، رنچھوڑ لائن، صدر، برنس روڈ، کھارادر، میٹھا در، گارڈن، گولیمار، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، سٹی ریلوے اسٹیشن سے متصل علاقے، محمودآباد، اورنگی ٹائون ، کالا پل ،ہزارہ کالونی، ریلوے کالونی ، پنجاب کالونی ،گذری ،منظور کالونی ،اخترکالونی، کشمیرکالونی، ڈیفنس، گلشن اقبال، نیوٹاؤن، طارق روڈ اور بہادر آباد،نارتھ ناظم آباد،نارتھ کراچی ، سولجر بازار ،لانڈھی ،کورنگی ،ملیر لیاقت آباد، ناظم آباد ،گلبہا ر، نیو کراچی ،فیڈرل بی ایریا ، گلستان جوہر ،گڈاپ ، بن قاسم ،ریڑھی گوٹھ،محمود آباد،اعظم بستی ،گارڈن، رامسوامی، گلبہار، ہنگور آباد، کیماڑی ،شاہ فیصل کالونی، فیڈرل کیپٹل ایریا، قصبہ کالونی، کیماڑی، گزدر آباد، محمود آباد سلطان آباد، شیریں جناح کالونی، حیدرآباد کالونی، پیر کالونی، گارڈن ایسٹ، ویسٹ، بہار کالونی، آگرہ تاج کالونی سمیت شہر کے بیشتر حصوں میں 10تا12 گھنٹے کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کی وجہ سے شہر میں بجلی کی طلب میں تقریباً 150میگاواٹ کم ہوگئی ہے تاہم کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے اپنی روایت پر عمل کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے بجائے بجلی کی پیداوار میں کمی کرکے بے رحمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے مرکزی بجلی گھر بن قاسم تھرمل پاور اسٹیشن اور نجی بجلی گھروں گل احمد اور ٹپال محدود بجلی پیدا کررہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ اگر تمام بجلی گھر اپنی پوری استعداد سے بجلی پیدا کریں تو لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں نمایاں کمی کی جاسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں