حیدرآباد رہائشی منصوبے کے نام پر شہریوں سے کروڑوں کا فراڈ
شہریوں سے پیسے لینے کے باوجود منصوبہ تاحال نامکمل، اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردی، ریکارڈ طلب
رہائشی منصوبے کے نام پر حیدرآباد کے شہریوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق قاسم آباد میں شمس آئی کون کے نام سے تقریباً 400 فلیٹوں پر مبنی میگا رہائشی منصوبہ شروع کیا گیا، مگر شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورنے کے باوجود منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کردی ہیں اور رہائشی منصوبے کے لیگل ایڈوائزر اکرم میمن، شریک مالک دین محمد میمن اور فرید میمن سے تمام ریکاڈ طلب کر لیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کی زمین اور منصوبے کے تمام قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے جبکہ الاٹیز کی جانب سے بھی بلڈر کو لیگل نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
لیگل نوٹس کے متن کے مطابق منصوبہ مکمل نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ فورمز سے رجوع کیا جائے گا۔