کراچی گلستان جوہر میں بھانجے کی فائرنگ سے ماموں جاں بحق
مقتول 3 روز قبل آسٹریلیا سے عید منانے آیا تھا، پولیس نے ملزم بھانجے کو گرفتار کرلیا
گلستان جوہر میں گھر کے اندر بھانجے کی فائرنگ سے ماموں جاں بحق ہوگیا۔
مقتول تین روز قبل آسٹریلیا سے عید منانے آیا تھا اور بہن سے ملنے اس کے گھر آیا تھا، مقتول کی لاش پولیس ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔
ہیڈ محرر شارع فیصل وسیم عباس نے بتایا کہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 12 بلوچ سوسائٹی میں قائم گھر کے اندر پیش آیا، مقتول کی شناخت 55 سالہ مقبول احمد زکریا کے نام سے کی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول اپنی بہن کے گھر ملنے آیا تھا جہاں اس کا بھانجا فہیم اپنی لائسنس یافتہ شاٹ گن سے ماموں کو ڈرا رہا تھا کہ اس سے اتفاقیہ طور پر فائر ہوگیا جس کے باعث اس کا ماموں جاں بحق ہوگیا۔
مقتول بلوچ کالونی کا رہائشی اور 3 روز قبل ہی آسٹریلیا سے عید منانے اپنے گھر آیا تھا جبکہ وہ بدھ کو اپنی بہن سے ملنے کے لیے گلستان جوہر اس کے گھر آیا تھا جہاں یہ واقعہ پیش آیا، پولیس نے ملزم فہیم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم 5 بچوں کا باپ ہے اور گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے۔
دریں اثنا بلدیہ اتحاد ٹاؤن طیبہ محلہ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 30 سالہ ضیا اللہ جبکہ ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی سونالی چوک کے قریب فائرنگ سے 18 سالہ اقبال زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ زاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے جبکہ فائرنگ سے زخمی دونوں افراد کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا ، پولیس دونوں واقعات کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔