کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جاں بحق عوامی تشدد سے 2 ڈاکو ہلاک

مومن آباد میں شہری کو گولی مارنے والا ڈاکو اور سرجانی میں لوٹ مار کرنے والا ملزم عوامی تشدد سے ہلاک

(فوٹو: فائل)

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جبکہ عوام کے تشدد سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن مومن آباد کے علاقے غوثیہ چوک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ مقتول کی شناخت گلزار جبکہ زخمی کی معاویہ کے ناموں سے ہوئی۔ رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہوگئی۔

واقعے کے بعد زخمی اور مقتول شہری کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ علاقہ مکینوں نے نوجوان کی ہلاکت کے بعد فائرنگ کرنے والے ڈکیت کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔


ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق واقعے کے بعد ایس ایچ او مومن آباد ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور صورت حال کو کنٹرول کیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکھٹے کرلیے، ہلاک ملزم کی شناخت بائیومیٹرک تلاش ڈیوائس کی مدد سے کی جارہی ہے جبکہ پولیس نے واقعے کے بعد ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔

وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے مومن آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او مومن آباد کو فوری معطل کرکے انکا سابقہ اور حالیہ ریکارڈ طلب کرلیا۔

انکا کہنا تھا کہ ڈکیتی مزاحمت یا دیگر جرائم کے دوران شہریوں کا قتل یا انہیں زخمی کیئے جانا ناقابل برداشت ہوگا، عیدالاضحیٰ سیکیورٹی اقدامات میں کوئی غفلت یا کوتاہی نہ کی جائے۔اسنیپ چیکنگ،پکٹنگ اور پیٹرولنگ کو مذید مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔

اُدھر سرجانی ٹاؤن تیسر ٹاؤن میں لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو عوام نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
Load Next Story