انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت معمولی کم اوپن مارکیٹ میں ریٹ بڑھ گیا

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 13 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی

(فوٹو: فائل)

آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق وفاقی بجٹ کے اعلان سے نئے قرض پروگرام میں شمولیت کے امکانات بڑھنے سے انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو ذرمبادلہ کی طلب اور رسد یکساں رہی جس سے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد کمی کا رحجان برقرار رہا۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 15 پیسے کی کمی سے 278 روپے 45 پیسے کی سطح پر آئی لیکن سپلائی بڑھتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 5 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 65 پیسے کی سطح پر پہنچی۔


اختتامی لمحات میں طلب ورسد متوازن ہونے کے نتیجے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1 پیسے کی کمی سے 278 روپے 59 پیسے کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئے۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 13 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اعلان کردہ وفاقی بجٹ اقدامات پر آنے والے دنوں میں مثبت یا منفی اثرات نظر آنے کے بعد ہی روپے کی قدر کے تعین کی سمت واضح ہوسکے گی۔ ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ فی الوقت سرمایہ کار آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری کا انتظار کررہے ہیں۔ بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری سے درپیش معاشی خلا سے مسائل حل ہوسکیں گے۔
Load Next Story