گورنر سندھ کا طبی سہولیات گھر کی دہلیز پر پہنچانے کیلیے ایپ لانچ کرنے کا اعلان

جلد ایک میڈیکل ایپ لانچ کریں گے جس کے تحت لوگوں کو میڈیکل کی سہولت گھروں کی دہلیز پر میسر ہوگی، کامران ٹیسوری

فوٹو ایکسپریس

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے طبی سہولیات لوگوں کے گھر کی دہلیز پر پہنچانے کیلیے ایپ لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔

گورنر سندھ نے یہ اعلان کراچی میں کھارادر جنرل ہسپتال کے نیو گائنی بلاک کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جلد ایک میڈیکل ایپ لانچ کرنے جارہے ہیں جس کے تحت لوگوں کو میڈیکل کی سہولت ان کے گھروں کی دہلیز پر میسر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 12ہزار بچوں کے لئے فری بریک فاسٹ شروع کرنے جارہے ہیں اور روزگار اسکیم کے تحت ان نوجوانوں کو رقم فراہم کریں گے جو اچھا بزنس پروپوزل بناکر لائیں گے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پرائمری ایجوکیشن کمیشن بنانا وقت کی ضرورت ہے یہ ہمارا عزم ہونا چاہئے کہ ہم اپنے وطن اپنے صوبہ اور اپنے شہر کے لئے ہر ممکن کام کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ جیسا کہ مجھے بتایا کہ اسپتال کو ٹریفک کی روانی ، بجلی کی بندش اور پانی کی عدم فراہمی کا مسئلہ درپیش ہے اس ضمن میں یقین دلاتا ہوں کہ ان مسائل کے حل کے لئے ڈی آئی جی ٹریفک ، کے الیکٹرک کے سی ای او اور کراچی میونسپل کارپوریشن سے بات کروں گا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کھارا در اسپتال اپنے نظریہ کے مطابق مستحقین کو مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کررہا ہے جو عوام کو درپیش مسائل میں ایک سہولت کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے اس اسپتال کا دورہ کیا تھا اس ہسپتال کو قائم ہوئے سو برس مکمل ہوچکے ہیں، یہ اسپتال خودمختار ہے مگر حکومت کو ان جیسے اسپتالوں سے بھرپور تعاون کرنا چاہئے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس اسپتال میں 25 فیصد مفت علاج کیا جاتا ہے اگر اس اسپتال کو کچھ فنڈز ملیں تو یہ 40 فیصد تک مریضوں کو مفت علاج فراہم کرسکتا گے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ امید ہے کہ بجٹ عوام دوست ثابت ہوگا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے طلباءمیں لیپ ٹاپ اور سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کئے۔

اس سے قبل گورنر سندھ کو کھارادر جنرل اسپتال کے سی ای او نے بریفنگ بھی دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر بشیر جان محمد نے گورنر سندھ کو شیلڈ پیش کی۔
Load Next Story