ریاستی ادارے ہمارے رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں مولانا فضل الرحمان

جے یو آئی کے رہنماؤں کو جمہوریت اور آئین کےساتھ کمٹمنٹ کی سزا دی جارہی ہے، سربراہ جمعیت علمائے اسلام

مولانا فضل الرحمان نے رہنماؤں پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی—فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں مقامی امیر مولانا مرزا خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی ادارے ہمارے سیکیورٹی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وانا جنوبی وزیرستان میں جے یو آئی کے امیر مولانا میرزا جان پر قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہمارے رہنماؤں کو پے درپے حملوں کا نشانہ بنانا ریاست کی رٹ پر سوالیہ نشان ہے۔


سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ ریاستی ادارے سیکیورٹی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، ریاستی سیکیورٹی ادارے اپنی ناکامی تسلیم کریں اور پاکستان کو عوام کے لیے محفوظ ملک بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے رہنماؤں کو جمہوریت اور آئین کےساتھ کمٹمنٹ کی سزا دی جارہی ہے، کارکن حوصلے بلند رکھیں، اس قسم کے بزدلانہ اقدامات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔

 
Load Next Story