ٹیکس وصولیوں کا ہدف ایف بی آر ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹی ختم
لارج ٹیکس آفسز، کارپوریٹ ٹیکس آفسز، میڈیم ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، نوٹی فکیشن
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ہفتے اور اتوار کی چھٹی ختم کردی۔
تفصٰلات کے مطابق ایف بی آر نے رواں ماہ (جون) کے ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے حصول کیلئے ہفتے اور اتوار کی تعطیل ختم کردی ہے اور تمام فیلڈ فارمشنز ہفتے اور اتوار کو بھی معمول کے مطابق کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ تمام فیلڈ فارمشنز کو مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام لارج ٹیکس آفسز، کارپوریٹ ٹیکس آفسز، میڈیم ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز سمیت فیلڈ فارمشنز بائیس جون بروز ہفتہ اور 23 جون بروز اتوار کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور ان فیلڈ فارمشنز میں معمول کے مطابق کا کام ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے فیصلہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان اپنے ڈیوٹی و ٹیکس واجبات جمع کرواسکیں۔