وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے کمی کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کے ساتھ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کا اعلان کردیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا
وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ 15 روز کیلیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 20 پیسے کمی کا اعلان کردیا، جس کے بعد پیٹرول کی لیٹر قیمت 258 روپے 16 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن میں بتایا کہ پٹرولیم قیمتوں میں کمی بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے پر کی گئی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بھی کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کردی ہے۔
واضح رہے کہ یکم جون کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی جبکہ اب تک پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف عوام کو دیا جاچکا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا صنعتوں کیلیے بجلی کی قیمت 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی صنعت کی بہتری کے لئے بجلی کے تاریخی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے انڈسٹریز کے لئے بجلی کی قیمت میں 10روپے69 پیسے کی کمی کا اعلان کیا اور بجلی کی قیمت34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کردی۔